چندریان 2: کیا مودی نے کیمرا دیکھ کر اسرو کے سربراہ کے سیون کو تسلی دی تھی؟

،تصویر کا ذریعہSM Viral Video Grab
- مصنف, فیکٹ چیک ٹیم
- عہدہ, بی بی سی نیوز
انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی اور انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے چیف کے سیون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اس دعوے کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے کہ ’کے سون نے جب وزیرِ اعظم کو وکرم لینڈر سے رابطہ ٹوٹنے کی خبر دی تو مودی نے انھیں گلے لگایا اور نہ ہی تسلی دی۔ لیکن جب دونوں کیمرے کے سامنے آئے تو رونا دھونا شروع کر دیا۔‘
27 سیکنڈ پر محیط یہ ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کی جا رہی ہے اور اب تک یہ ویڈیو چھ لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جبکہ سینکڑوں بار اس ویڈیو کو شیئر کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ویڈیو کے پہلے حصے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈین وزیر اعظم مودی خبر ملنے کے بعد کے سیون سے کچھ کہتے ہیں اور واپس جا کر اپنی جگہ پر بیٹھ جاتے ہیں۔ جبکہ دوسرے حصے میں وہ کے سون کو اپنے سینے سے لگاتے ہیں اور ان کی پیٹھ سہلاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSM Viral Post
سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ ’میڈیا اور کیمرے ارد گرد نہ ہونے کی وجہ سے مودی نے پہلے کے سیون کو واپس لوٹا دیا تھا۔ لیکن کپڑے بدلنے کے بعد اور کیمروں کی موجودگی میں انھوں نے کے سیون کو گلے لگا کر تسلی دی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن بی بی سی فیکٹ چیک ٹیم نے ان دعوؤں کی تصدیق کے لیے اپنی تحقیق کی جس کے مطابق یہ دعویٰ غلط ہے۔ وائرل ہونے والے ویڈیو کو دور درشن نیوز چینل پر نشر ہونی والی ایک ویڈیو کے دو مختلف حصے جوڑ کر بنایا گیا ہے۔
دوردرشن نیوز کی پوری لائیو نشریات کو دیکھ کر پتا چلتا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے دونوں بار اسرو کے سربراہ اور ان کی ٹیم کے سائنسدانوں کی ہمت بندھائی تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پہلا حِصہ اور صداقت
وائرل ویڈیو کے پہلے حصے میں دکھائی دیتا ہے کہ نریندر مودی وکرم لینڈر کی خبر ملنے کے بعد کے سیون سے کچھ کہتے ہیں اور واپس اپنی جگہ جا کر بیٹھ جاتے ہیں، یہ چھ اور سات ستمبر کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے کا واقعہ ہے۔
جبکہ ایک بج کر 45 منٹ پر اسرو کے سربراہ کے سیون نے وِکرم لینڈر کے ساتھ رابطہ ٹوٹنے کا پہلا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
کے سیون نے باضابطہ اعلان سے پہلے طے شدہ پروٹوکول کے تحت مودی کو اس بارے میں مطلع کیا تھا۔
جس وقت کے سیون نے وزیر اعظم مودی کو یہ بتایا تھا کہ وکرم لینڈر سے اسرو کا رابطہ ٹوٹ گیا ہے، اس وقت بھی دور درشن نیوز کے کیمروں نے انھیں گھیرا ہوا تھا اور لائیو کوریج جاری تھی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
انڈیا کے سرکاری نیوز چینل دور درشن نے رات ساڑھے بارہ بجے اسرو سینٹر سے لائیو نشریات کا آغاز کیا تھا۔ ڈی ڈی نیوز کی فوٹیج کے مطابق نشریات شروع ہونے کے 23 منٹ بعد نریندر مودی ’مشن آپریشن کمپلیکس‘ میں داخل ہوئے تھے۔
وکرم لینڈر کے چاند کی سطح پر اترنے کا پروگرام 51ویں منٹ تک اپنے طے شدہ شیڈیول پر چل رہا تھا۔ لیکن دیکھتے دیکھتے اسرو سینٹر میں سناٹا چھا گیا۔
53ویں منٹ میں چندریان 2 کی ڈائریکٹر رتو کریدال کی آواز اسرو سینٹر کے بڑے سپیکر پر سنائی دی۔ انھوں نے کہا کہ وکرم لینڈر سے کوئی رسپانس نہیں مل رہا ہے۔ کچھ منٹ بعد اسرو کے سربراہ نے اس کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا۔
اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی پہلی منزل پر اپنے کمرے سے کنٹرول سینٹر میں اتر آئے اور انہوں نے اسرو کے سربراہ سمیت سبھی سائنسدانوں سے خطاب کیا۔
کے سیون کا کندھا سہلاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’حوصلہ بنائے رکھیے۔‘
وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ ’زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ آج آپ لوگوں نے جو کیا ہے، یہ بھی کوئی چھوٹا کام نہیں ہے۔ میری طرف سے آپ کو بہت مبارک باد۔ آپ نے ملک، سائنس اور انسانی قوم کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔ ہم اس سے بھی کچھ سیکھ ہی رہے ہیں۔ ہمارا سفر آگے بھی جاری رہے گا۔ میں مکمل طور پر آپ کے ساتھ ہوں۔ ہمت کے ساتھ چلیں۔‘
اس کے بعد انھوں نے سکول کے بچوں سے ملاقات کی اور پھر اسرو سینٹر سے چلے گئے۔

،تصویر کا ذریعہDD NEWS
وائرل ویڈیو کا دوسرا حصہ
سات ستمبر کی صبح سات بج کر پانچ منٹ پر وزیر اعظم مودی نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ یہ خبر دی تھی کہ وہ آٹھ بجے اسرو سینٹر میں سائنسدانوں سے ملنے والے ہیں۔
سات بج کر بیس منٹ پر وہ اسرو سینٹر پہنچے اور اسرو کے چیئرمین کے سیون نے ان کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر اسرو سینٹر کے ’مشن آپریشن کمپلیکس‘ میں وزیر اعظم مودی نے لگ بھگ 20 منٹ کا خطاب کیا جس میں انھوں نے سائنسدانوں کی زندگی اور سائنس کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’انڈین سائنسدان وہ لوگ ہیں جو انڈیا کی شان کے لیے جیتے ہیں۔ میں کل رات کو آپ کے دلوں کی کیفیت سمجھ رہا تھا۔ آپ کی آنکھیں بہت کچھ کہہ رہی تھیں۔ آپ کے چہرے کی اداسی پڑھ پا رہا تھا۔ اس لیے میں کل رات زیادہ دیر آپ لوگوں کے درمیان نہیں رکا۔ پر میں نے سوچا کہ صبح آپ لوگوں سے ایک بار پھر ملوں اور آپ سے بات کروں۔‘
اس دوران اسرو کے سربراہ نریندر مودی کے پاس ہی کھڑے تھے۔
خطاب مکمل ہونے کے بعد اسرو چیف نے نریندر مودی کو ٹیم کے سبھی سائنسدانوں سے ملوایا اور تقریباً سوا آٹھ بجے مودی اسرو سینٹر سے روانہ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہDD NEWS
دوردرشن نیوز پر اس پورے پروگرام کو نشر کیا گیا تھا جس میں دیکھا گیا کہ ’مشن آپریشن کمپلیکس‘ کے گیٹ پر پہنچ کر مودی پلٹے اور انھوں نے کے سیون کے بارے میں پوچھا۔ تبھی جذباتی ہو کر کے سیون نے ان سے کچھ کہا جس پر مودی نے انھیں گلے لگا لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا دوسرا حصہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اسرو سینٹر سے دوسرے دن روانہ ہونے سے پہلے کا ہے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب نریندر مودی نے کے سیون کو گلے لگا کر انھیں تسلی دی۔












