شہباز شریف،گورنر سندھ کی ملاقات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزیرا علٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے پیر کو کراچی میں گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی، معاشی صورتحال، گندم کی نقل و حمل اور این ایف سی ایوارڈ سمیت کئی اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ میاں شہباز شریف، گورنر سندھ عشرت العباد کی دعوت پر کراچی آئے تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس ملاقات کو پاکسان مسلم لیگ نون اور متحدہ قومی مومنٹ کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ قرار دیا جارہا ہے۔ شہباز شریف نےگورنر ہاؤس میں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ کے صدر بھی ہیں اور انہوں نے گورنر عشرت العباد سے کہا ہے کہ وہ متحدہ کے قائد الطاف حسین کو ان کا سلام پہنچا دیں۔ ایک سوال کے جواب میں کہ کیا مسلم لیگ اور متحدہ کے درمیان مستقبل میں باضابطہ مذاکرات کے امکانات ہیں، انہوں نے کہا کہ سب کچھ ممکن ہے۔ ان کے بقول ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کے پیشِ نظر کل کے حریف آج کے حلیف بن رہے ہیں کیونکہ پاکستان کی وحدت سب کے لیے مقدم ہے اور ملک کے لیے اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے اس ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے ہیں اور وہ انہیں سندھ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ اس سے قبل وزیرِاعلٰی ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وہ پپلزپارٹی کے ساتھ سرد جنگ نہیں چاہتے اور نہ ہی ایسی کوئی بات ہے۔ ان کے بقول سینیٹ الیکشن کے دوران پپلزپارٹی سے اتفاق رائے ہوچکا ہے اور مشترکہ حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ بینک کے اعتبار سے تمام جماعتوں کو مناسب نمائندگی دی جائے گی۔انہوں نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ہونے والی مفاہمت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ہارس ٹریڈنگ کے منتظر لوگوں کو ناکام اور اس روایت کا خاتمہ کرکے جمہوریت کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔ این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ نئے فارمولے کے تحت اس پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی قائم کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کے عوام کی جانب سے سندھ کے عوام کے لیے پچاس ہزار میٹرک ٹن گندم کا تحفہ پیش کررہے ہیں، جس میں پچیس ہزار میٹرک ٹن ٹرانسپورٹ سمیت بلامعاوضہ جبکہ باقی آدھی قیمت پر فراہم کی جائے گی تاہم ٹرانسپورٹ اخراجات پنجاب خود برداشت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کبھی پنجاب کو مدد کی ضرورت پڑی تو انہیں امید ہے کہ سندھ ان کی مدد کو آئے گا۔ وزیرا علٰی سندھ کی ہمشیرہ کے انتقال کے باعث شہباز شریف کی وزیرا علٰی سندھ سے ملاقات نہ ہوسکی تاہم سندھ کے سینئیر وزیر پیر مظہر الحق و دیگر وزراء نے وزیرِاعلٰی ہاؤس میں شہباز شریف کا استقبال کیا۔ | اسی بارے میں مسلم لیگ: بِل پیش کر رہے ہیں27 January, 2009 | پاکستان ’اِسی عدالت کو قبول کرنا ہوگا‘27 January, 2009 | پاکستان بہشتِ مرحوم کی یاد میں27 January, 2009 | پاکستان گجرات: کالج کے طلبہ کا مظاہرہ28 January, 2009 | پاکستان پی پی پی،مسلم لیگ رشتہ نرم28 January, 2009 | پاکستان عدلیہ پر انگلی نہ اٹھنے دیں: وکیل28 January, 2009 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||