’غیر مقبولیت کی وجہ اپنی غلطیاں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے سابق فوجی حکمران ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے دورِ حکومت میں خود ان سے سرزد ہونیوالی غلطیوں کی وجہ سے ہی وہ غیر مقبول ہوگئے تھے۔ جنرل(ر) مشرف نے یہ بات اتوار کو اپنے پہلے دورۂ امریکہ کے دوران شکاگو میں ایک ظہرانے کے دوران شرکائے مجلس کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہی۔ اس سوال پر حکومت کے آخری دنوں میں ان کی غیر مقبولیت کی وجہ کیا تھی جنرل (ر) مشرف کا کہنا تھا کہ دوران حکومت ان سے بھی کچھ غلطیاں سرزد ضرور ہوئیں اور اگر انہیں پھر موقع ملا تو وہ یہ غلطیاں نہیں دہرائيں گے۔ تاہم انہوں نے خود سے سرزد ہونے والی غلطیوں کی نشاندہی نہیں کی۔ اس سوال پر کہ اگر وہ پاکستان میں اب تک حکمران ہوتے تو ممبئی حملوں پر ان کا ردعمل کیا ہوتا، ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ وہ پہلے ہی پاکستان میں کہہ چکے ہیں کہ پاکستانی عوام اور حکومت نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں لیکن جنگ پاکستان اور بھارت دونوں کو ہی بہت مہنگي پڑے گي۔ سابق فوجی ڈکٹیٹر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل آمریت میں نہیں بلکہ جمہوریت میں ہے۔ انہوں نے آئی ایس آئی کے کردار پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی جاسوسی ایجنسی سی آئی اے سمیت دنیا بھر کی جاسوسی ایجنیسیوں کی طرح آئی ایس آئي بھی وہی کام کرتی ہے جو باقی جاسوسی ایجنسیاں کرتی ہیں۔ مقامی صحافیوں کے مطابق پاکستان کے سابق فوجی حکمران نے اپنے حالیہ دورۂ امریکہ کے دوران خود کو میڈیا سے دور رکھا ہوا ہے اور ان کے اس دورے کے لیے انتہائي سخت سکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں ادھر ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستانی طلبہ کے ایک گروپ نے سٹینفورڈ یونیورسٹی میں جنرل(ر) مشرف کو بطور مرکزی مقرر مدعو کرنے کے خلاف انٹرنیٹ پر مہم شروع کر دی ہے جس میں لوگوں سے سٹینفورڈ یونیورسٹی کے صدر کو سابق پاکستانی صدر کو خطاب کی دعوت کو مسترد کرنے کے لیے خطوط لکھنے کو کہا گیا ہے۔ | اسی بارے میں مشرف کی امریکہ آمد، پرانے جوتوں کی مہم10 January, 2009 | پاکستان امریکہ کے ساتھ معاہدہ نہیں: مشرف10 January, 2009 | پاکستان ’وردی اتروانے میں بائیڈن کااہم کردار‘12 January, 2009 | پاکستان ’قدیر سے تعلق‘، کمپنیوں پر پابندی12 January, 2009 | پاکستان مشرف، میڈیا سے بات سے انکار26 December, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||