ریاض سہیل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 | | | بائیڈن کی وجہ سے پاکستان کو پندرہ بلین امریکی ڈالر کی امداد ملی |
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات اور جنرل مشرف کی وردی اتارنے میں امریکہ کے نو منتخب نائب صدر جوزف بائیڈن کا اہم کردار رہا ہے۔ کراچی شپ یارڈ پر پیر کو لاجسٹک شپ بحریہ کے حوالے کرنے کی تقریب میں بات چیت کرتے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جوزف بائیڈن پاکستان کے حامی ہیں وہ جمہوریت کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ جوزف بائیڈن کو ملک کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ہلال پاکستان دینے پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی ہی حمایت کی وجہ سے پاکستان کے لیے پندرہ بلین امریکی ڈالر کی امداد کا بل امریکی سینٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈرونز حملوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت امریکی ڈرونز حملوں کی مذمت کرتی ہے ان کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے لیے امریکی حکومت سے کوئی مفاہمت نہیں ہوئی ہے، وہ پرامید ہیں کہ نئی حکومت کے بعد امریکی پالسییوں میں تبدیلی آئے گی۔ یہ پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کا مسئلہ ہے اس لیے ان ڈرونز حملوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
 | | | جب ڈرونز حملے عسکریت پسندوں کو قبائل کے نزدیک لے آتے ہیں |
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے دہشتگردوں اور عسکریت پسندوں کو قبائل سے الگ کیا تھا لیکن جب ڈرونز حملے ہوتے ہیں تو ان عسکریت پسندوں کے لیے قبائل کی ہمدردیاں بڑھ جاتی ہیں اور وہ ایک ہوجاتے ہیں۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اگر قابل اعتماد معلومات ہے اور اس پر کارروائی کی ضرورت ہے تو پاکستان کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’بین الاقوامی دباؤ اور بینظیر بھٹو کے ویژن کی وجہ سے ہم آزاد اور شفاف انتخابات کے قریب پہنچے ورنہ یہ لولی لنگڑی جمہوریت بھی نظر نہ آتی‘۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ نون وکلاء کے ساتھ کسی تحریک میں جانا چاہتی ہے کہ تو یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے، انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ آزاد عدلیہ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے کسی بھی دوسری پارٹی کے مقابلے میں زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ وفاقی کابینہ میں بھی جلد شامل ہوجائے گی اور رحمان ملک نےان کی اجازت سے ہی الطاف حسین سے ملاقات کی ہے، وہ ان کے اتحادی ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ موجودہ بلدیاتی نظام کو ختم نہیں کیا جارہا ہے وہ اس نظام کے خلاف نہیں ہیں، ان کے مطابق اس نظام کو مؤثر کرنے کے لیے مختلف جماعتوں کی مختلف آرا ہیں، اس لیے اتفاق رائے سے ان میں بہتری لائی جائے گی۔ |