’ممبئی سانحہ، بھارتی ناکامی‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیرِاعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت میں ممبئی کا سانحہ رونما ہونا بھارت کی انٹیلیجنس ایجنسیوں کی ناکامی تھی اور دنیا کو چاہیئے کہ وہ دنیا میں رونماء ہونے والے اس سے بڑے واقعات کی جانب بھی توجہ دے۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں سنیچر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سانحہ کارساز اور میریٹ بم دھماکے کے واقعات ہوئے جس میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں اور اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں مگر اس پر دنیا خاموش ہے اور اسے صرف ممبئی حملے ہی نظر آتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا دوہرا معیار ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ’جہاں تک دنیا کا تعلق ہے تو وہ ایک ہی معاملے کو اتنا بڑھا کر پیش کرتی ہے جو کہ ان (بھارت) کا اپنا انٹیلیجنس فیلیئر (ناکامی) ہے، وہ کہتے ہیں کہ دس لوگوں نے پورے ہندوستان کو یرغمال بنالیا، تو اب بتائیں کہ ہم تو روزانہ ان کی درازی عمر کے لئے دعائیں کرتے ہیں تاکہ خدانخواستہ پھر اگر کوئی واقعہ ہوجائے تو وہ بھی ہمارے کھاتے میں آجائے گا، تو اب ہم ایک نہیں دو ملکوں کا دفاع کررہے ہیں‘۔ وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ ’پاکستان بھارت کے ساتھ مکمل تعاون کے لئے تیار ہے مگر ہم یہ نہیں چاہتے کہ وہ میڈیا کے ذریعے یا سفارتی سطح کے ذریعے پاکستان پر بے جا دباؤ ڈالے یا اس کی تضحیک کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو کبھی یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ پاکستان کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط ہے، اس کا دفاع مضبوط ہے اور اس کے پاس بہترین فوج ہے لہذٰا خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرِاعظم نے کہا کہ بینظیر بھٹو کیس کی انکوائری اقوام متحدہ سے کرائی جائے گی کیونکہ حکومت نہیں چاہتی کہ اس کی تفتیش کو سیاسی رنگ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خودمختار ادارے کے ذریعے کی گئیں تحقیقات سب کو قابلِ قبول ہوں گی۔ صوبائی خودمختاری اور صدر مملکت کے اختیارات میں کمی سے متعلق مجوزہ بل قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کے امکان پر وزیراعظم نے کہا کہ متفقہ طور پر جو بھی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، اس کی حمایت کی جائے گی۔ پاکستان میں حزبِ مخالف کی جماعتیں صوبائی خودمختاری اور صدر کے اختیارات میں کمی کے حوالے سے قومی اسمبلی میں بل پیش کرنے کی تیاری کررہی ہیں۔ یاد رہے کہ حکمران پیپلز پارٹی نے بھی صدر کے اختیارات میں کمی کے بارے میں قوم سے وعدے کیے ہیں تاہم اب تک ان پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔ | اسی بارے میں جنگ کا امکان نہیں: شجاع پاشا07 January, 2009 | پاکستان ’اجمل قصاب پاکستانی ہی ہے‘07 January, 2009 | پاکستان ’آئی ایس آئی نے جواب دے دیا‘09 January, 2009 | پاکستان ’قصاب کو قانونی دفاع فراہم کریں‘09 January, 2009 | پاکستان ’تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے‘07 January, 2009 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||