بچا کھچا امن غارت ہونے کا دن | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پشاور کے رنگ روڈ پر اتوار کو افغانستان میں تعینات کثیرالمکی امن فوج کی رسد پر حملہ ہوا ہے جسے مسلح شدت پسندوں کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حملے کے چوبیس گھنٹوں کے اندر ہی ایک دوسرے ٹرمینل پر بھی اسی قسم کا حملہ کئی اہم سوالات اٹھاتا ہے۔ ان حملوں کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اگر یہ حملے اسی رفتار سے جاری رہے تو شاید اس سے بڑے حملے بھی ہو سکتے ہیں۔ ان حملوں میں چند ہفتے قبل پاکستان فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے دورۂ برسلز کے بعد تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ نیٹو کے ہیڈکواٹرز کے دورے کے دوران پاکستانی فوجی رہنما نے یورپی اتحاد کو یقین دلایا تھا کہ نیٹو کی سپلائی لائنز کھلی رہیں گی۔ کراچی کی بندرگاہ پر اترنے کے بعد نیٹو افواج کا سامان دو زمینی راستوں سے افغانستان جاتا ہے۔ ان میں جنوبی افغانستان کے لیے کوئٹہ اور شمال مشرقی افغانستان کے لیے پشاور کے راستے بھیجا جاتا ہے۔ اس طرح نیٹو افواج کے مجموعی سامان کا پچھتر فیصد پاکستان سے گزر کر جاتا ہے۔ اگرچہ عام تاثر یہی ہے کہ ان حملوں کا مقصد افغانستان میں طالبان کے خلاف سرگرم اتحادی افواج کو نقصان پہنچانا اور پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کا بدلہ لینا ہے۔ تاہم ایساف کے ایک ترجمان کا موقف تھا کہ اس حملے سے ہونے والا نقصان کچھ زیادہ نہیں ہے۔ نقصان ہوا یا نہیں ہوا یا اگر ہوا تو کتنا ہوا یہ الگ بحث ہے لیکن اس تمام لڑائی میں میدان جنگ جسے بنایا جا رہا ہے اصل تشویش کی بات وہ ہے۔ افغانستان میں اتحادی افواج کے ایک کمانڈر نے گزشتہ دنوں بتایا تھا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ طالبان کے ساتھ اپنی لڑائی بڑے شہری علاقوں سے دور پہاڑی علاقوں میں لڑی جائے تاکہ جلال آباد، قندھار اور کابل جیسے شہر پرامن رہیں اور وہاں بسنے والے ترقی کر سکیں۔
اس کے برعکس پاکستان میں صورتحال مختلف دکھائی دے رہی ہے۔ سوات اور باجوڑ میں شدت پسندوں کے خلاف مسلسل فوجی آپریشن کے ذریعے جو دباؤ رکھا جا رہا ہے وہ شہری علاقوں میں ان کی کارروائیاں روکنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔ سارا صوبہ خصوصا قبائلی علاقوں سے منسلک علاقے ’میدان جنگ‘ قرار دیے جا رہے ہیں۔ شدت پسند باجوڑ اور سوات کا غصہ بظاہر پشاور جیسے آسان اہداف پر اتار رہے ہیں۔ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں نیٹو کے سامان رسد کے ایک قافلے پر حملے اور اس کے ایک درجن سے زائد ٹرک اغوا کرنے کے واقعے کے بعد حکام نے سکیورٹی کے نئے انتظامات کیے تھے۔ انہوں نے ان ٹرکوں کو سکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت میں اب قافلوں کی صورت پشاور سے طورخم روانہ کرنا شروع کیا۔ لیکن انہیں نہیں معلوم تھا کہ ان ٹرکوں کے لیے محض قبائلی علاقے ہی خطرناک نہیں۔ شدت پسند جس قسم کی گوریلا جنگ لڑ رہیں ہیں ان کے لیے یہ تبدیلی کوئی بڑی رکاوٹ نہیں۔ وہ پشاور میں انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں اور انہوں نے گزشتہ دو دنوں میں اپنی کارروائیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایسا باآسانی کرسکتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز پہلے ہی اپنی صلاحیت سے زیادہ پھیلی ہوئی ہیں۔ اس فورس کی تربیت اور مورال کا بھی مسئلہ ہے۔ اس کا اعتراف عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی حکومت اور پولیس کرتی ہیں۔ حکومت کے لیے یہ کسی طرح بھی ممکن نہیں کہ قافلے والے انتظامات کراچی سے طورخم تک تقریباً بارہ سو کلومیٹر کے اس سفر میں ممکن بنائے جا سکیں۔ یہی سکیورٹی فورسز کی کمزوری ہے جو شدت پسندوں کے مفاد میں ہے۔ حملہ آور اسی سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ماہرین کے خیال میں جو شدت پسند چاہ رہے ہیں سکیورٹی فورسز وہی کر رہی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ لوگ آسمان سے تو اترتے نہیں ہیں؟ پشاور کے تمام داخلی راستوں پر ناکہ بندی کے باوجود اگر تین سو مسلح افراد مسلسل دوسری رات پشاور پہنچتے ہیں اور اپنی مرضی کی کارروائی کرنے کے بعد بغیر کسی مزاحمت کے چلے جاتے ہیں تو یہ کیا ظاہر کرتا ہے۔ یا تو سکیورٹی کم ہے یا ہے ہی نہیں۔ بعض لوگ پولیس کے اس بنیادی دعوے کو بھی مسترد کرتے ہیں کہ مسلح حملہ آوروں کی تعداد تین سو تھی۔ آگ لگانا یا دو چار راکٹ داغنے کا کام تو محض دس بارہ لوگ بھی باآسانی کرسکتے ہیں۔ یہ سب مبالغہ آرائی بعض لوگوں کو شک ہے کہ سکیورٹی فورسز محض اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی خاطر یا کسی بات پر پردہ ڈالنے کے لیے کرتے ہیں۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ اتنا بڑا آپریشن تیار کہاں ہوتا ہے، اتنی بڑی تعداد میں شدت پسند جمع کہاں ہوتے ہیں اور آخر آتے کہاں سے ہیں؟ کیوں کوئی انہیں راستے میں نہیں روک پاتا۔ وہ پیغام رسانی کے لیے موبائل استعمال کرتے ہیں یا کبوتر جو ان کی باتیں سنی ہی نہیں جاسکتیں؟ پولیس کے ساتھ ساتھ یہ خفیہ اداروں کی بھی اتنی ہی بڑی ناکامی ہے جتنا بڑا یہ حملہ تھا۔ اسی وجہ سے لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ وہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ یہ محض خفیہ معلومات کی کمی ہے یا پھر کوئی اور ڈرامہ؟ گوریلا جنگ میں آپ اگر دشمن کو ان کی کمین گاہوں میں ڈھونڈ ڈھونڈ کر نشانہ نہیں بنائیں گے تو وہ وہی کریں گے جو وہ کر رہے ہیں۔ پشاور پولیس کے سربراہ صفت غیور نے اعلان تو کر دیا کہ وہ جلد ’شرپسندوں’ کے خلاف کارروائی شروع کریں گے لیکن ابھی تک اس کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ مزید تاخیر شدت پسندوں کو مزید تقویت بخشے گی۔ وہ ماضی کی طرح زیادہ نڈر اور بےباک ہوجائیں گے۔ یہ حملے صوبائی دارالحکومت پشاور کے لیے یقیناً کوئی اچھا شگون نہیں۔ آج بھی ایک مرتبہ پھر شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے داغے گئے راکٹوں کے گرنے کی اطلاع ہیں۔ اگر ان میں ملوث افراد تک نہ پہنچا گیا تو وہ دن دور نہیں جب یہاں کا بچا کھچا امن اور سکھ چین بھی غارت ہو جائے گا۔ | اسی بارے میں رسد کا متبادل راستہ، ایک چال؟03 April, 2008 | پاکستان ’نیٹو افواج رسد پِیر سے بحال‘16 November, 2008 | پاکستان آئل ٹینکرز کی تباہی، سات گرفتار24 March, 2008 | پاکستان نیٹو رسد، سکیورٹی میں قافلہ روانہ17 November, 2008 | پاکستان ’وزارت خارجہ کو نظر انداز کیا گیا‘ 13 November, 2008 | پاکستان ’انگور اڈہ گولہ باری طالبان نے کی‘12 July, 2008 | پاکستان نیٹو کو تیل کی فراہمی کا انتقام؟26 September, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||