بجلی، گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں موسم سرما میں شدت کے ساتھ ہی بجلی اور گیس کے بحرانوں نے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے اور ملک کے بعض علاقوں میں ان دونوں یوٹیلیٹیز کی ’غیر اعلانیہ‘ لوڈ شیٹنگ شروع کر دی گئی ہے۔ ملک میں بجلی کی ترسیل کے ایک ادارے کے ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کے بہاؤ میں کمی کے بعد پن بجلی کی پیداوار کم کر دی گئی ہے جس سے پاکستان کے بعض دیہی اور شہری علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے۔ اسی کے ساتھ صنعتی شہر فیصل آباد کے صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ شہر میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ٹیکسٹائل صنعت کی پیداوار بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چار گھنٹوں سے لیکر بعض علاقوں میں چھ گھنٹے تک مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کے ذمہ دار ادارے پیپکو کے ترجمان طاہر بشارت چیمہ کا کہنا ہے کہ ملک میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ جب انکی توجہ اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد اور ملک کے دیگر بڑے شہروں کے نواحی علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بجلی بند ہونے کی جانب دلوائی گئی تو انہوں نے بجلی کی فراہمی میں اس تعطل کو تکنیکی وجوہات کی بنا پر قرار دیا۔ طاہر بشارت چیمہ نے کہا کہ منگل کے روز سے بجلی کی بندش کا یہ سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ تاہم اسلام آباد اور اسکے نواحی علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے لیے نصب گرڈ سٹیشن پر تعینات ڈیوٹی آفیسر اعجاز نے بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ رات انہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول دیا گیا ہے جسکے تحت اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں چھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائےگی۔ اسی طرح فیصل آباد کو بجلی کی فراہمی کے ادارے فیسکو کے ایک افسر نے بتایا کہ انہیں اپنے کوٹے سے ایک سو پینتیس میگا واٹ کم بجلی فراہم کی جارہی ہے جسے لوڈشیڈنگ کے ذریعے پورا کرنے کی ہدایات بھی موصول ہوئی ہیں۔ واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں گندم کی بوائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد تربیلا سے پانی کے اخراج کی مقدار کو ستر ہزار کیوسکس سے گھٹا کر ساٹھ ہزار کیوسکس کر دیا گیا ہے جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بجلی کی پیداوار میں اس کمی کے باعث صوبہ پنجاب اور سندھ کے بعض دیہی اور شہری علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈٹگ کا سلسلہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ دوسری جانب صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد کے بعض علاقوں سے گیس کی لوڈشیڈنگ کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ فیصل آباد میں کام کرنے والی ٹیکسٹائل صنعت کے احتجاج کے بعد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے انہیں یقین دلایا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بننے والی اس صنعت کو گیس کی فراہمی بند نہیں کی جائےگی۔ تاہم فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے رکن میاں شبیر نے بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ چند روز سے گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عموماً ٹیکسٹائل صنعت کو گیس کی بندش کا سامنا دسمبر میں کرنا پڑتا تھا لیکن اس مرتبہ یہ سلسلہ ایک ماہ پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔ | اسی بارے میں بجلی شام کو مہنگی ، دن میں سستی14 October, 2008 | پاکستان کراچی، بجلی کے بِلوں پر جزوی ہڑتال24 October, 2008 | پاکستان سندھ، بجلی نرخ میں اضافہ چیلنج17 September, 2008 | پاکستان ’کے ای ایس سی بحران کا شکار‘30 October, 2008 | پاکستان کرائے کے دو بجلی گھروں کو اجازت17 November, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||