’قادر پور گیس فیلڈ کی نجکاری نہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نجکاری کے وفاقی وزیر نوید قمر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وزیرِاعظم کی جانب سے گزشتہ روز سینیٹ میں کیے گئے اعلان پر عملدرآمد کر تے ہوئے قادر پور گیس فیلڈ کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔ وزارتِ نجکاری کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے سیّد نوید قمر سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم کے اعلان کے بعد قادر پور گیس فیلڈ کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، اس لیے اس بارے میں احتجاج، تنقید یا اشتعال بلاجواز ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سینٹ میں بیان دیا تھا کہ حکومت قادر پور گیس فیلڈ کو فروخت کرنے کا ارداہ نہیں رکھتی ہے۔ لیکن سات نومبر کو وزیر اعظم نے قادر پور گیس فیلڈ سمیت دیگر دو قومی اثاثوں کی نجکاری کی منظوری دی تھی۔ حکومت نے لگ بھگ دو ماہ پہلے جب ملک کی گیس کی ضروریات کا پندرہ فیصد فراہم کرنے والی قادر پور گیس فیلڈ کی نجکاری کرنے پر غور شروع کیا تو اس وقت سے حکومتی فیصلے کے خلاف مزدور یونین اور قوم پرست جماعتیں مسلسل احتجاج کر رہی ہیں۔ جبکہ آج جمعے کے روز حیدر آباد میں وفاقی وزیر نوید قمر کے آبائی گھر کے سامنے مزدور یونین اور قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کیا ہے۔ وزارتِ نجکاری کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر قادر پور گیس فیلڈ کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔ اس ضمن میں تمام حصہ داروں سے بات چیت کی جائے گی اور اتفاقِ رائے کے بغیر نجکاری نہیں کی جائے گی۔ وزیرِ نجکاری سیّد نوید قمر نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ حکومت پاکستان سٹیل مِلز کی نجکاری نہ کرنے کے فیصلے پر قائم رہے گی۔ انہوں نے ان خدشات کو مسترد کیا ہے کہ عنقریب پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری بھی کر دی جائے گی۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز سید نوید قمیر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا تھا کہ حکومت موجودہ اور آئندہ سال پاکستان سٹیل مِلز سمیت سترہ یونٹوں کو فروخت کرنے کا ارداہ رکھتی ہے۔ مبصرین کے مطابق ملک میں جاری مالی بحران سے پریشان حکومت نے پہلے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا اور عوامی احتجاج کے بعد فیصلہ واپس لے لیا، اور اب قادرپور گیس فیلڈ کے معاملے پر تقریباً تمام سیاسی جماعتوں اور مزدور یونین کے پرزور احتجاج پر حکومت ایک بار پھر گیس فیلڈ کو فروخت کرنے یا نہ کرنے کے فیصلے پر شدید الجھن کا شکار ہے۔ | اسی بارے میں گیس فیلڈ: نجکاری کے خلاف احتجاج26 October, 2008 | پاکستان ’بیس سالوں کے لیے منصوبہ بندی تیار‘13 November, 2008 | پاکستان ڈیرہ بگٹی:گیس پائپ پر حملہ15 July, 2008 | پاکستان برسوں بعد بھی وعدے وفا نہ ہوئے23 April, 2008 | پاکستان سرحد: لوڈ شیڈنگ پر احتجاج03 January, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||