شمالی، جنوبی وزیرستان پر میزائل، 16 ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں جمعہ کی شام مبینہ امریکی جاسوس طیاروں نے میزائل حملے کیے ہیں جن میں کم از کم سولہ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ پہلا حملہ شمالی وزیرستان میں ہوا جس میں میر علی کے قریب مبینہ امریکی جاسوسی طیارے نے ایک گھر پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے۔ مقامی انتظامیہ کے ذرائع نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ شام ساڑھے آٹھ بجے مبینہ امریکی جاسوس طیارے نے میران شاہ سے تیس کلومیٹر مشرق کی جانب میر علی کے اسوڑی گاؤں میں مقامی مولوی امان اللہ کے گھر پر دو میزائل داغے۔ انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ اس حملے میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس حملے میں امان اللہ کا گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق امان اللہ کے القاعدہ کے رہنما ابو عقاش سے قریبی روابط تھے اور حملے کے وقت ابو عقاش اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ اس گھر میں موجود تھے۔ دوسرے حملہ مبینہ طور پر امریکی جاسوس طیارے نے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کے قریبی علاقے میں کیا جس میں ایک بچہ ہلاک ہوا۔ تفصیلات کے مطابق یہ میزائل ملا نذیر کے گھر پر داغا گیا۔ عینی شاہد نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ اس حملے میں ملا نذیر محفوظ رہے اور وہ اس کمرے میں موجود نہ تھے جس پر میزائل داغا گیا۔ تاہم اس حملے میں ایک بچہ ہلاک ہوا۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ وانا سکاؤٹس قلعے سے دو کلومیٹر دور ہے۔ واضح رہے کہ یہ حملہ اس وقت ہوا ہے جب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے زور دیا ہے کہ افغانستان میں موجود نیٹو فورسز کو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی بند کرنی چاہئے جو ایک غیر سود مند اقدام ہے اور اس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر بیلجیئم کے وزیر خارجہ کارل ڈی گوئلٹ سے ملاقات کے دوران کہی۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز حکومت پاکستان نے پاکستان میں امریکی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے قبائلی علاقوں میں جاری امریکی طیاروں کے ذریعے میزائل حملوں پر شدید احتجاج کیا۔ امریکی سفیر کو بتایا گیا کہ یہ حملے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہے اور انہیں فوری طور پر بند کیا جائے۔ امریکی سفیر پر یہ بھی واضح کیا گیا کہ یہ حملے حکومت کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کے لیے عوامی حمایت کو متاثر کر سکتے ہیں۔ حملوں کے خلاف پاکستان کے ایوان بالا یا سینٹ میں متفقہ طور پر منظور کی جانے والی مذمتی قرار داد بھی امریکی سفیر کے حوالے کی گئی۔ یاد رہے کہ امریکہ ابھی تک سولہ حملے کر چکا ہے جن میں سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ | اسی بارے میں میزائل حملے میں چار افراد ہلاک30 August, 2008 | پاکستان جنوبی وزیرستان: تازہ میزائل حملہ17 September, 2008 | پاکستان ’امریکہ حکمت عملی بدل رہا ہے‘ 27 October, 2008 | پاکستان وزیرستان: ڈرون حملےمیں 20 ہلاک26 October, 2008 | پاکستان وزیرستان میزائل حملہ: 8 ہلاک23 October, 2008 | پاکستان شمالی وزیرستان میزائل حملہ: 8 ہلاک، 6 زخمی23 October, 2008 | پاکستان ڈرون کی تاریخ16 October, 2008 | پاکستان امریکی میزائل حملوں میں پندرہ ہلاک03 October, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||