عبدالحئی کاکڑ بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور |  |
 | | | حال میں قبائلی علاقوں میں کئی میزائل حملے ہوئے ہیں |
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں اطلاعات کے مطابق ایک مقامی شخص کے گھر پرہونے والے میزائل حملے میں دو عرب باشندوں سمیت چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان کے صدرمقام وانا میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سنیچر کی شام ساڑھے چار بجے زڑی نور آرمی کیمپ کے قریب ایک مقامی شخص نور خان گنگی خیل کے گھر پر میزائل کا حملہ ہوا ہے۔ ان کے بقول اس حملے میں دوعرب باشندوں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عینی شاہدین کے بقول میزائل سرحد پار افغانستان سے داغا گیا ہے جبکہ حملے کے وقت فضاء میں ڈرون طیارے بھی گردش کر رہے تھے۔ ایک حکومتی اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بی بی سی کو اس واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ مرنے والوں میں دو عرب باشندے شامل ہیں جبکہ باقی دو افراد کی پہچان نہیں ہوپا رہی۔ان کے بقول واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے وانا کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ پاکستانی فوج کے ایک ترجمان میجر مراد نے بی بی سی کو بتایا کہ زڑی نور کیمپ کے قریب واقعہ ہوا ہے تاہم ان کے بقول واقعے کی نوعیت کے بارے میں ابھی تک کچھ بھی معلوم نہیں ہوپا رہا اور اس سلسلے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مقامی طالبان نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کسی کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ دس روز قبل بھی وانا میں افغانستان کی حدود سے مبینہ طور پر داغے گئے دو میزائل ایک معروف قبائلی شخص یعقو ب مغل خیل کے مکان پر گرے تھے جس میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ مقامی لوگوں نے کہا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں پنجابی طالبان اور غیرملکی عرب شامل تھے۔ پاکستانی فوج نے اس حملے کی طرح اس وقت بھی یہ موقف اختیار کیا تھا کہ اسے اس بات کا علم ہے کہ وانا میں ایک دھماکہ ہوا ہے لیکن اس کی مکمل تفصیل جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ لیکن دس دن گزرنے جانے کے بعد بھی اس سلسلے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ |