ذوالفقار علی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | ملک کی سالمیت داؤ پر لگی ہے: شجاعت حسین |
حزب مخالف کی جماعت جماعت مسلم لیگ (ق) نے حکومت سے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور امن عامہ کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے تمام جماعتوں کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ سنیچر کو اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے کیاگیا۔ اس اجلاس کی صدارت جماعت کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کی۔ اجلاس کے اختتام پر چوہدری شجاعت حسین نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’مجلس عاملہ کی اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں حکومت سے کل جماعتی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ ملک میں دہشت گردی، بدامنی اور کشیدگی کے خاتمے کے لئے ٹھوس اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جاسکے۔‘ انہوں نے کہا کہ’حکومت پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر تمام سیاسی جماعتوں کو اس اجلاس میں مدعو کرے اور اس معاملے سے نپٹنے کی خاطر تمام جماعتوں سے تجاویز حاصل کریں۔‘ انہوں نے کہا کہ’اس وقت ملک کی سالمیت داؤ پر لگی ہے اور یہ وقت نہیں کہ ہم ایک دوسرے پر نکتہ چینی کریں اور ایک دوسرے کو ان مسائل کا ذمہ دار ٹھہرائیں بلکہ ہمیں اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور مل بیٹھ کر اس معاملے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔‘ چوہدری شجاعت نے مزید کہا کہ وہ ان مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ وزیر اعظم اور صدر ہاؤس میں بھی بیٹھنے کے لئے تیار ہیں۔ شجاعت حسین نے کہا کہ ان کی جماعت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نیتجے میں قبائلی علاقوں کے متاثرین کے لئے ایک فنڈ بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے یہ مطالبہ کی کہ وہ سوات میں بجلی اور گیس فراہمی کو یقینی بنائے ورنہ صورت حال اور خراب ہوگی۔ اس ہفتے کے اوائل میں نامعلوم افراد نے ضلع سوات کے گیس پلانٹ اور بجلی گرڈ سٹیشن کو تباہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں لوگ گیس اور بجلی کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے یہ بھی کہا کہ ان کی جماعت صوبہ سرحد کا نام تبدیل کرنے کے حق میں لیکن انہیں اس کے لئے تجویز کردہ نام پختون خواہ پر اعتراض ہے کیوں کہ ان کے کہنے کے مطابق اس کے کوئی معنی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سرحد کا نیا نام رکھنے کے لئے وہاں اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ |