فدائینِ اسلام نےذمہ داری قبول کرلی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دو روز قبل اسلام آباد کے میریئٹ ہوٹل میں ہونے والے تباہ کن بم حملے کی ذمہ داری فدائینِ اسلام نامی تنظیم نے قبول کرلی ہے۔ بی بی سی کو پاکستان کے ایک موبائل سے موصول ہونے والے ٹیکسٹ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ہم نے اس دھماکے سے امریکی میرینز، امریکی اہلکاروں اور نیٹو کے اعلٰی افسران سمیت ڈھائی سو فوجیوں کے وفد کو نشانہ بنایا ہے‘۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم نے پاکستان، افغانستان اور پوری دنیا کے مسلمانوں کو یہ ایک عاجز سا تحفہ پیش کیا ہے۔۔۔ ہم بہت خوش ہیں کہ امریکہ کا ایک اہم قلعہ اڑادیا ہے ۔۔ ہم ان مسلمانوں سے افسوس کرتے ہیں جو یہ نہیں سجھ سکتے کہ میریئٹ ہوٹل کتنا سٹریٹیجک اعتبار سے ان کے لیے ایک اہم جگہ تھی‘۔ پیغام بھیجنے والے نے اپنا نام احمد شاہ ابدالی ظاہر کرتے ہوئے فدائین اسلام نامی تنظیم کا خود کو ترجمان قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں اس میں مسلمان ممالک کے ہونے والے نقصان پر افسوس ہے۔ فدائین اسلام نامی تنظیم کا ایک اس طرح کا دعویٰ فروری سنہ دو ہزار سات میں بھی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے اسلام آباد، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر شہروں میں خود کش حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ فدائین اسلام کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں موجود ہے اور اس کے قریبی تعلقات تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ہیں جس کے امیر بیت اللہ محسود ہیں۔ لیکن باضابطہ طور پر تحریک طالبان نے کبھی اس کی تصدیق نہیں کی۔ فدائین اسلام کے زیادہ تر کارکن وہ ہیں جن کا تعلق جیش محمد سے تھا۔ واضح رہے کہ جیش محمد کو دہشت گردی میں ملوث پائے جانے کے بعد پاکستان حکومت نے کالعدم قرار دیا تھا۔ جیش کی نمایاں کارروائیوں میں امریکی صحافی ڈینیئل پرل کا قتل اور دسمبر دو ہزار تین میں سابق صدر پرویز مشرف پر قاتلانہ حملہ تھا۔ متعلقہ موبائل فون نمبر پر جب رابطہ کیا تو ریکارڈنگ لگی ہوئی تھی۔ کسی نوجوان نے اپنی آواز میں انگریزی زبان میں پیغام ریکارڈ کیا ہے جس میں وہ امریکہ اور برطانیہ کے شہریوں کو بھی نشانہ بنانے کے لیے خبردار کر رہے ہیں۔ | اسی بارے میں ’اعلیٰ قیادت کو میریئٹ جانا تھا‘22 September, 2008 | پاکستان ہوٹل میں بکنگ نہیں تھی: ہاشوانی22 September, 2008 | پاکستان ’بارود فوجی نوعیت کا استعمال ہوا‘21 September, 2008 | پاکستان بال بچوں سمیت میریئٹ کی طرف21 September, 2008 | پاکستان ’قوم درد کو طاقت میں بدل دے‘20 September, 2008 | پاکستان میریئٹ ہوٹل پر ٹرک بم دھماکہ، چالیس ہلاک اور سو سے زائد زخمی20 September, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||