پبلِک اکاؤنٹس کمیٹی کےنئے سربراہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ نون کے سرکردہ لیڈر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کو جمعہ کے روز قومی اسمبلی کی پبلِک اکاؤنٹس کمیٹی کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں سیکرٹری قومی اسمبلی کرامت حسین نیازی کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے انیس ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اور خارجہ امور کے بارے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اسفندیار ولی خان نے چوہدری نثار علی خان کا نام بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے تجویز کیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی امتیاز صفدر وڑائچ اور پاکستان مسلم لیگ قاف کے ریاض حسین پیرزادہ نے اُن کی تائید کی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ اس انتخاب کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ پارٹی وابستگی سے بالا تر ہوکر کام کریں گے اور ہر ایک کا احتساب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سب کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو گزشتہ پندرہ سال سے زیرالتوا کیسز کو نمٹائیں گی۔
چوہدری نثار علی خان اس سے پہلے جتنی بھی پبلک اکاؤنٹس کمیٹیاں بنی ہیں ان میں سب میں شامل رہے ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو پارلیمنٹ کی سب سے بااختیار کمیٹی تصور کیا جاتا ہے اور یہ کمیٹی سرکاری اداروں میں ہونے والی بےضابطگیوں اور بالخصوص مالی بدعنوانیوں کا پتہ چلاتی ہے اور اس ضمن میں وہ کسی بھی اعلی شخصیت اور کسی بھی ادارے کے سربراہ کو طلب کرسکتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے درمیان طے پانے والی میثاق جمہوریت میں یہ کہا گیا ہے کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین حزب اختلاف سے ہوگا۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں 46 قائمہ کمیٹیاں ہیں جن میں سے چار قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین کا انتخاب ہوچکا ہے اور چاروں قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ اُن میں جمعیت علمائے اسلام کے اپنے ہی دھڑے کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندریار ولی کو خارجہ امور جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام مصطفی شاہ کو پانی وبجلی کی قائمہ کمیٹیوں کآ چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان میں تعینات امریکی سفیر این پیٹرسن نے بھی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سفیر نے چند روز قبل وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک سے ملاقات کی تھی اور اُن سے لاپتہ ہونے والے افراد کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا تھا۔ | اسی بارے میں اسفندیارخارجہ کمیٹی کے چیئرمین17 September, 2008 | پاکستان ’امریکہ سے معاہدے ختم کریں‘18 September, 2008 | پاکستان کشمیر کمیٹی کے چیئرمین منتخب16 September, 2008 | پاکستان چودھری نثار ، نئے اپوزیشن لیڈر17 September, 2008 | پاکستان پرویز اور فضل کے وارنٹ گرفتاری 16 July, 2008 | پاکستان اجلاس: ججوں کا معاملہ سر فہرست18 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||