BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 31 August, 2008, 16:09 GMT 21:09 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
باجوڑ طالبان کےگھر نذرآتش

طالبان کے گھر نذر آتش کرنے والے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے مسلح تھے
قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک قبائلی لشکر نے مقامی طالبان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے پانچ گھروں کو نذرآتش کردیا ہے جبکہ عسکریت پسندوں کو پناہ دینے پر جرمانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

باجوڑ ایجنسی کے ایک اعلیٰ اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کی صبح تحصیل سالارزئی میں سینکڑوں مسلح قبائل نے جمع ہوکر طالبان کے ایک کمانڈر سمیت پانچ جنگجوؤں کے گھروں کو تیل چھڑک کر آگ لگادی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نذرآتش کئے جانے والے گھروں میں طالبان کمانڈر مولوی نعمت اللہ، حاجی قادر اور حاجی جہانزیب کےگھر شامل ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قبائل لشکر بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے لیس تھا جبکہ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔

اس سے قبل سلارزئی تحصیل میں تمام قبیلوں کا ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں علاقے سے طالبان کو نکالنے کا اعلان کیا گیا۔ جرگہ نے اعلان کیا کہ علاقے میں غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں پر دس جبکہ مقامی طالبان کو پناہ دینے والوں پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

 رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہورہا ہے اس لئے اس مہینے کے احترام میں فرنٹیر کور کے چھ اہلکاروں کو قید سے آزاد کردیا گیا ہے۔
طالبان ترجمان مولوی عمر

تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان مولوی عمر کا کہنا ہے کہ باجوڑ ایجنسی میں بعض حکومتی حامی قبائلی مشران نے طالبان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کررکھا ہے جس کی مقصد طالبان کو بدنام کرنا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ طالبان عوام سے جنگ نہیں چاہتے بلکہ بعض لوگ کسی کے اشارے پر ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل سالارزئی تحصیل دو سرکردہ قبائلی مشران ملک زرین اور ملک بختاور ایک نامعلوم راکٹ حملے میں مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے دونوں مشران طالبان کے مخالف سمجھے جاتے تھے۔ اس حملے کے بعد قبائل نے طالبان کے ایک مرکز کو نذرآتش کیا تھا۔ تاہم طالبان قبائلی مشران کی ہلاکت سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

دریں اثناء طالبان نے باجوڑ ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے چھ اہلکاروں کو رمضان المبارک کے احترام میں آزاد کردیا ہے۔

طالبان ترجمان مولوی عمر نے بی بی سی کو بتایا کہ رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہورہا ہے اس لئے اس مہینے کے احترام میں فرنٹیر کور کے چھ اہلکاروں کو قید سے آزاد کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت چالیس کے قریب سکیورٹی اہلکار ان کے قبضہ میں ہیں جنہیں باجوڑ آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

یادرہے کہ ایک ہفتہ قبل طالبان نے باجوڑ ایجنسی میں یکہ طرفہ طورپر سکیورٹی فورسز کے خلاف تمام تر کاروائیاں بندکرکے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم مشیر داخلہ رحمان ملک نے اس جنگ بندی کو مسترد کیا تھا۔ گزشتہ روز حکومت نے اعلان کیا تھا کہ قبائلی علاقوں میں رمضان المبارک کے احترام میں چالیس روز تک کوئی فوجی کارروائی نہیں ہوگی۔

اسی بارے میں
باجوڑ میں فوجی چوکی خالی
28 July, 2008 | پاکستان
خار کا محاصرہ، متضاد دعوے
10 August, 2008 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد