فضائیہ کی گاڑی پرحملہ، بارہ ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور کے نواح میں پاکستانی فضائیہ کی گاڑی پر بم حملے میں کم از کم بارہ افراد ہلاک اور بارہ شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ پاک فضائیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں فضائیہ کے آٹھ اہلکار بھی شامل ہیں۔ صوبہ سرحد کے وزیرِ اطلاعات میاں افتخار حسین نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ تھا اور اس میں بارہ افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک چھ سالہ بچی بھی شامل ہے۔ سرحد پولیس حکام کے مطابق یہ حادثہ پشاور کے نواح میں بڈھ بیر کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک پل کے نیچے نصب بم اس وقت پھٹا جب پاکستانی فضائیہ کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ پاکستانی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے پیش آیا۔ ان کے مطابق دھماکے میں تباہ ہونے والی گاڑی راشن کی نقل و حمل میں استعمال ہوتی تھی اور دھماکے کے وقت وہ بڈھ بیر سے پشاور جا رہی تھی۔ پاکستان کے مقامی طالبان کی تنظیم تحریکِ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ تحریک کے ترجمان مولوی عمر نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ یہ حملہ سوات اور باجوڑ میں جاری کارروائی کا ردعمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ طالبان کی جانب سے پہلے ہی کہا گیا تھا کہ اگر فوجی آپریشن نہ روکا گیا تو اس کا جواب ملک کے دیگر علاقوں میں دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ضلع سوات اور باجوڑ میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کے بعد صوبہ سرحد میں ایک بار پھر پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ واقعہ جس علاقے میں ہوا ہے یہاں پر گزشتہ ایک ہفتے سے پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔ یہ علاقہ درہ آدم خیل کے قریب واقع ہے۔ | اسی بارے میں فضائیہ بس پر حملہ، تحقیقات شروع01 November, 2007 | پاکستان سرگودھا: فضائیہ کی بس پر خود کش حملہ01 November, 2007 | پاکستان راولپنڈی: خودکش حملہ، سات ہلاک04 February, 2008 | پاکستان سرگودھا حملے کے ذمہ دار گرفتار15 January, 2008 | پاکستان لاہور بم دھماکہ، تیئس افراد ہلاک10 January, 2008 | پاکستان دہشت گردوں کی گرفتاری کا دعوٰی08 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||