دہشت گردوں کی گرفتاری کا دعوٰی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور پولیس نے آٹھ مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے جو پولیس کے بقول سرگودھا میں پاکستان ائیر فورس کی بس اور سرگودھا پولیس لائن پر ہونے والے خودکش حملوں میں ملوث ہیں۔ یہ دعویْ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور پرویز راٹھور نے ڈی آئی جی پولیس انوسٹی گیشن مشتاق سکھیرا کے ہمراہ جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ پرویز راٹھور نے بتایا کہ ان افراد کو لاہور کے نواح سے مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ان کے بقول ملزموں کے قبضے سے چار خودکش جیکٹس، دس دستی بم، دو گرینیڈ لانچر، دو کلاشنکوف اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے ان ملزموں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جس کا مرکز وانا میں ہے۔ تاہم پولیس آفیسر نے اس بارے میں نہیں بتایا کہ ان گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق کس کالعدم تنظیم سے ہے۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ جن ملزموں کو گرفتار کیاگیا ان میں محمد محسن،دلشاد علی،سیف اللہ،نصر اللہ،زاہد اقبال، محمد شاہد، محمد محمد عثمان کا تعلق سرگودھا جبکہ بابر عثمان کا تعلق راجن پور سے ہے۔ پولیس کے بقول ان ملزمان نے کالعدم تنظیم کی قیادت کی ہدایت پر اپنے ساتھی ملزم فاروق عرف حسنین عرف معاویہ کو سرگودھا جیل سے رہا کرانا تھا جو سرگودھا خودکش حملوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے جیل میں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں نے اس پولیس انسپکٹر کے قتل کا منصوبہ بھی تیار کر رکھا تھا جس نے سرگودھا خودکش حملوں کے واقعات کی تفتیش کرکے ملزموں کی نشاندہی کی تھی۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن مشتاق سکھیرا نے بتایا کہ یہ ملزم تاوان کے لیے اہم لوگوں کو اغوا کرانا چاہتے تھے اور تاوان سے موصول ہونے والی رقم اپنے تنظیم کو پہنچانا چاہتے تھے تاکہ اس کو مزید دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ پولیس کے بقول ان ملزموں کی گرفتاری سے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں دہشت گردی کے منصوبوں کو ناکام کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزموں سے تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہے۔ | اسی بارے میں پولیس کا تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ31 July, 2008 | پاکستان بینظیر قتل: ایک ملزم کا چالان پیش05 August, 2008 | پاکستان اوجڑی دھماکے کے ملزمان کا ریمانڈ 07 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||