طالبان، حکومت اقدامات کرے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
متحدہ قومی موومنٹ نے کہا ہے کہ تحریکِ طالبان پاکستان کا بیان ان کے خدشات کی تصدیق ہے کہ طالبان کراچی میں موجود ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے شہروں کو طالبانائزیشن کی سازشوں سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کرے۔ ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین گذشتہ چند ماہ سے تواتر کے ساتھ اس خطرے کی نشاندہی کرتے رہے ہیں کہ کراچی میں طالبانائزیشن کی سازشیں تیز ہورہی ہیں جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے طالبان کی کراچی میں موجودگی سے انکار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو بی بی سی کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے تحریکِ طالبان پاکستان کے ترجمان مولوی عمر نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ طالبان نہ صرف کراچی بلکہ پورے صوبۂ سندھ میں اپنا وجود رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ طالبانائزیشن کا عمل کراچی میں کس تیزی سے جاری و ساری ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مولوی عمر اور تحریک پاکستان طالبان کے نائب فقیر محمد کے تازہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر سوات آپریشن بند نہ کیا گیا تو پاکستان کے دیگر حصوں اور باالخصوص کراچی میں کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے طالبانائزیشن کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے باوجود صوبائی حکومت ان دعوؤں کی تردید کرتی رہی ہے۔ ’لیکن اب مولوی عمر اور فقیر محمد کے بیانات کے بعد حکومتِ سندھ کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔‘ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحریکِ طالبان پاکستان کے بیانات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور مذہبی انتہا پسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ اربابِ اختیار اس بات کی بھی تحقیقات کرائیں کہ طالبان کو ہتھیار اور سرمایہ کون فراہم کررہا ہے۔ اگر اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس نہ لیا گیا اور راست اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے پورے ملک اور خصوصاً کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام قومیتوں اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہوئے طالبانائزیشن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ | اسی بارے میں اسلام آباد میں طالبان کے آثار17 January, 2008 | پاکستان ’دہشت گرد کھلے عام گھوم رہے ہیں‘18 April, 2008 | پاکستان طالبان سے مفاہمت کہاں تک جائے گی؟03 April, 2008 | پاکستان ’طالبان کو مسلح نہ ہونے دیں‘09 February, 2008 | پاکستان گورنر کی امریکی سفیر کو یقین دہانی01 February, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||