نثار کھوکھر بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاڑکانہ |  |
 | | | سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد ہرایک ضلعی ہیڈکوارٹر میں کیا جائےگا |
پیپلزپارٹی کی مقتول سربراہ بینظیر بھٹو کی 55 ویں سالگرہ کے موقع پر چئرپرسن آصف علی زرداری نے کارکنان کو ہدایت کی ہےکہ وہ خون کےعطیات دیں تاکہ بینظیر کو خراج پیش کیا جاسکے۔ پیپلزپارٹی سندھ کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات وقار مہدی نے بتایا ہے کہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد ہر ایک ضلعی ہیڈکوارٹر میں کیا جائے گا جبکہ مرکزی تقریب گڑھی خدابخش بھٹو میں ہوگی۔جہاں سالگرہ کا کیک کاٹنے کی رسم ادا کی جائے گی۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب گڑھی خدا بخش بھٹو میں بینظیر بھٹو کی قبر پر حاضری دی۔ انہوں نے 55 گلدستے بینظیر کی قبر پر رکھے اور فاتحہ کی۔ اس موقع پر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا انہوں نے کہا کہ آج سیاست کا دن نہیں آج صرف بینظیر صاحبہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔سیاسی باتیں پھر کبھی سہی۔ آصف زرداری کی آمد کےموقع پر گڑھی خدابخش میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ آصف زرادری کے دو قریبی دوست سندھ کے وزیرداخلہ ڈاکٹر ذولفقار مرزا اور وزیر بلدیات آغا سراج درانی ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ سندھ کے وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے بھی گڑھی خدابخش بھٹو میں بینظیر بھٹو کی قبر پر پھول چڑھائےاور فاتحہ پڑھی۔ گڑھی خدابخش بھٹو میں پیپلز ڈاکٹرز فورم نے طبی کیمپ قائم کیے ہیں جہاں پیپلزپارٹی کے رہنماء اور کارکنان اپنے خون کےعطیات جمع کروائیں گے۔ پیپلزپارٹی لاڑکانہ کے رہنماء معشوق علی جتوئی نے بتایا ہے کہ بینظیر کی سالگرہ کے موقع پر جمع کیے گئے خون کےعطیات مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ضرورتمند مریضوں کو مفت فراہم کیے جائیں گے۔ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر پیپلزپارٹی نے ان کے آبائی قبرستان گڑھی خدابخش بھٹو میں کسی سیاسی اجتماع کا انعقاد نہیں کیا۔پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے موئن جو دڑو کےقریب تحصیل ڈوکری میں ایک جلسہ عام ہوگا جس میں سندہ کے وزیراعلی سید قائم علی شاہ خطاب کریں گے جبکہ رات کو لاڑکانہ شہر میں ایک شادی ہال میں تقریب ہوگی جس کو بھی وزیراعلی سندہ سید قائم علی شاہ اور دیگر رہنماء خطاب کریں گے۔ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر گڑھی خدابخش بھٹو میں پیپلزپارٹی کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی ہے ۔کارکنان بینظیر کی قبر پر پھول چڑھا رہے ہیں اور فاتحہ پڑھ رہے ہیں۔اس موقع پر خواتین کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ |