اسلام آباد ائرپورٹ کا نام بینظیر ائرپورٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی چئرپرسن بینظیر بھٹو کی 55 ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ رکھ دیا ہے۔ بینظیر بھٹو کی سالگرہ اکیس جون کو منائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے راولپنڈی میں جنرل ہسپتال کا نام بھی تبدیل کر کے بینظیر بھٹو ہسپتال جبکہ مری روڈ کا نام تبدیل کرکے شہید بینظیر بھٹو روڈ رکھ دیا گیا ہے۔ سرکاری ہینڈ آؤٹ میں اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ا س ضمن میں پنجاب حکومت کے ساتھ مشاورت کی گئی تھی اور باہمی رضا مندی کے ساتھ ان جگہوں کے نام بینظیر بھٹو کے نام کے ساتھ منسوب کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے ہسپتال میں مزید سہولتیں باہم پہنچانے کے لیے ابتدائی طور پر پانچ کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔ واضح رہے کہ ستائیس دسمبر سنہ دو ہزار سات کو لیاقت باغ کے باہر جب بینظیر بھٹو ایک خود کش حملے میں شدید زخمی ہوئیں تھیں تو انہیں طبی امداد کے لیے جنرل ہسپتال لایا گیا تھا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی تھیں۔ سرکاری ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ لیاقت باغ کے باہر جہاں پر پیپلز پارٹی کی چئرپرسن بینظیر بھٹو کو قتل کیا گیا تھا، وہاں پر ایک یادگار بھی تعمیر کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے اس یادگار کے ڈیزائن کے لیے بین الاقوامی سطح پر ٹینڈر دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں نوے دن کی کمی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ان جگہوں کے نام پاکستان پیپلز پارٹی کی چئرپرسن بینظیر بھٹو کی قوم اور جمہوریت کے لیے خدمات کے اعتراف میں رکھے گئے ہیں۔ اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کی 55ویں سالگرہ کے موقع پر لیاقت باغ میں قرآن خوانی اور خون کا عطیہ دیں گے۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||