ڈیرہ بگٹی میں جھڑپ تین ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی سے جھڑپوں کی اطلاعات موصل ہوئی ہیں جہاں ایک خاتون اور ایک بچے سمیت تین افراد کے ہلاک اور ایف سی کے ایک اہلکار سمیت تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ڈیرہ بگٹی سے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ سنگسیلہ کے قریب لنجو لغاری کے علاقے میں نا معلوم افراد نے فرنٹیئر کور کی ایک چوکی پر حملہ کیا ہے جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔ اس کارروائی کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ کل رات نا معلوم افراد نے ڈیرہ بگٹی میں پٹرول پمپ کے قریب چوبیس انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ یہ گیس پائپ لائن پیر کوہ سے سوئی گیس فیلڈ کی طرف جاتی ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ کل رات نا معلوم افراد نے ڈیرہ بگٹی میں مختلف مقامات پر راکٹ داغے ہیں جس کے بعد فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی ہے۔ دریں اثناء اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سرباز بلوچ نامی شخص نے ٹیلیفون پر ان حملوں اور گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑانے کی ذمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی ہے اور کہا ہے کہ ان حملوں میں فورسز کا نقصان ہوا ہے لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ بلوچ ریپبلکن پارٹی کے ڈیرہ بگٹی کے صدر شیر محمد بگٹی نے بتایا ہے کہ ان کارروائیوں میں گولے مقامی شہریوں کے گھر میں گرے ہیں جس سے دوست محمد ان کی بیوی اور ایک بچہ ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک اور مکان میں گولے گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس بارے میں حکومتی موقف جاننے کے لیے صوبائی وزیر داخلہ ظفراللہ زہری سے رابطے کی بارہا کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ | اسی بارے میں ڈیرہ بگٹی دھماکے، دو ہلاک15 April, 2008 | پاکستان ڈیرہ بگٹی دھماکہ: دو ہلاک18 April, 2008 | پاکستان ڈیرہ بگٹی میں صحت کے مسائل15 May, 2008 | پاکستان ڈیرہ بگٹی کے قریب دھماکے20 May, 2008 | پاکستان ڈیرہ بگٹی: بارودی سرنگ سے2 ہلاک04 June, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||