تعطل طریقۂ کار پر: وزیراعظم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ججوں کی بحالی کاطریقۂ کار ایسا ہونا چاہیے جس سے تصادم نظر نہ آئے اور ایک دوسرا بحران پیدا نہ ہو جائے۔ سینچر کو لاہور سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطرف ججوں کی بجالی کا معاملہ صرف طریقہ کار کے نقطہ پر اٹکا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے منشور میں انیس سو تہتر کے آئین کی بحالی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور عدلیہ کی بحالی شامل ہے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی منشور پر عمل درآمد کی پابند ہے تاہم کوئی ایسا غیرآئینی اور غیرقانونی اقدام نہیں کریں جس سے اداروں میں تصادم ہو اور ہرچیز ختم ہو جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ہم اکھٹے ہیں اور بارہ مئی کے بعد کوئی نئی اپوزیشن نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ججوں کی بحالی کے طریقہ کار پر اختلاف ہوسکتا ہے اور اختلاف رائے ہونا جمہوریت کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور پیپلز پارٹی نے مثیاق جمہوریت اور اعلان مری پر دستخط کیے ہوئے ہیں اور اب مسلم لیگ نون مخلوط حکومت میں بھی شامل ہے۔ وزیر اعظم نے ایک سوال پر کہا کہ ملک میں بیک وقت دو چیف جسٹس مقرر کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنا کسی ایک سیاسی جماعت کا کام نہیں ہے، اس مقصد کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ مسلم لیگ قاف سے مفاہمت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیز حتمی نہیں ہے اور سیاسی منظر ہر وقت تبدیل ہوتا ہے اس لیے اس معاملہ پر کوئی بات قبل از وقت ہوگا۔ یوسف رضا گیلانی نے ایک سوال پر کہا کہ سپریم کورٹ بار کے صدر اعتزاز احسن کو ضمنی انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے پر کوئی اختلاف رائے نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لیے جنتی جد و جہد پیپلز پارٹی نے کی ہے اس کی مثال ہی نہیں ملتی۔ قبل ازیں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے لاہور سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں گورنر پنجاب جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول، وزیر اعلی پنجاب دوست محمد کھوسہ اور پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی اور صوبہ کے حوالے سے معاملات پر بات چیت کی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||