اسحٰق ڈار پر قاف لیگ کی تنقید | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بدھ کے روز اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب سابق حکومت کے اقتصادی ماہرین کی ٹیم نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی عدم موجودگی میں ان پر ملکی مفاد کے خلاف بیانات جاری کرنے کے الزامات لگائے اور کمیٹی میں شامل پاکستان مسلم لیگ قاف کے ارکان ان الزامات کی تائید کرتے رہے۔ سینیٹ کمیٹی کا یہ خصوصی اجلاس وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی جانب سے سابق حکومت پر بجٹ تیاری کے دوران اعدا و شمار میں ہیر پھیر کے الزامات کی جواب طلبی کے لئے بلایا گیا تھا لیکن سینیٹ اور اس کمیٹی میں حکومتی ارکان کی اقلیت کے باعث یہ موجودہ حکومت کا مذمتی اجلاس بن کر رہ گیا۔ سابق مشیر خزانہ اس وقت کے خزانہ امور کے سیکرٹری تنویر آغا، اقتصادی مشیر ڈاکٹر اشفاق حسن، اور سابق حکومت کی ٹیم کے دیگر ارکان کے ہمراہ مکمل تیاری کے ساتھ کمیٹی کے اجلاس میں موجود تھے جبکہ اسحٰق ڈار کو شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی تھی۔ ایسے میں سلمان شاہ نے جب یہ کہا کہ ’اسحٰق ڈار کے غیر ذمہ دارنہ بیانات دراصل ملک کے خلاف ہیں، تو جماعت اسلامی کے سینیٹر پروفیسر خورشید احمد نے انہیں وزیر کی عدم موجودگی میں ان کے خلاف اس طرح کی بیان بازی سے روکنے کی کوشش کی۔ جواب میں مسلم لیگ قاف کے ارکان نے، جو دیگر کی طرح سینیٹ کی اس کمیٹی میں بھی اکثریت میں ہیں، سلمان شاہ کی نا صرف ہاں میں ہاں ملائی بلکہ بعض سینٹرز نے انہیں شاباش بھی دی۔
اس موقع پر حکومت کے واحد حمایتی رکن اور قاف لیگ کے ارکان میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے کمیٹی چیئرمین احمد علی نے سلمان شاہ کو اپنا خطاب جاری رکھنے کا اجازت دے دی۔ اس یکطرفہ کارروائی کا جواز پیش کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر احمد علی نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس حساس معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتے۔ اسحٰق ڈار کی جانب سے پچھلی حکومت پر لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ نے کہا کہ بجٹ کی تیاری اندازوں کی بنیاد پر ہوتی ہے اور عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیاں ان اندازوں کومتاثر کرتی ہیں۔ ایسے میں یہ الزام کہ حکومت جان بوجھ کر اعداد و شمار میں ہیر پھیر کرتی رہی، بے بنیاد ہے۔ سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ ’ان غیر ذمہ دارانہ بیانات کے باعث ملکی معیشت اچانک دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔ جس کی وجہ سے روپے کی قدر اور سٹاک مارکیٹ کی انڈیکس میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ سینیٹ کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے سابق مشیر نے کہا کہ ’سیاسی نوعیت کے ان بیانات سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سے خوفزدہ ہو جائیں گے بلکہ غیر ملکی ریٹنگ ایجنسیز بھی پاکستان کی معاشی حیثیت کو کم کرسکتی ہیں۔ جس کا نقصان ملک کو ہو گا۔ واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اسی کمیٹی کے سابقہ اجلاس میں سابق حکومت پر الزام لگایا تھا کہ شوکت عزیز کے دور میں معیشت کی کارکردگی کوجھوٹے اعداد و شمار کے ذریعے بڑھا چڑھا کر بیان کیا جاتا رہا ہے۔ وزیر خزانہ کی جانب سے جب خزانہ ڈویژن کے سیکرٹری فرخ قیوم نے وضاحتی بیان دینے کی کوشش کی تو چیئرمین کمیٹی نے انہیں اپنا بیان مکمل کرنے کی اجازت نہیں دی جبکہ قاف لیگ کے سینیٹرز سیکرٹری خزانہ کے بیان میں بار بار مداخلت بھی کرتے رہے۔ | اسی بارے میں ملک اور صحافیوں میں آنکھ مچولی06 May, 2008 | پاکستان حکومت فون ٹیپ نہیں کر رہی: نائیک05 May, 2008 | پاکستان ’دبئی نہیں دباؤ مذاکرات ہیں‘02 May, 2008 | پاکستان سومرو کو سینیٹ میں شرمندگی30 April, 2008 | پاکستان ’بینظیر قتل کی تحقیقات ہوں گی‘29 April, 2008 | پاکستان قرآن پر فلم: سینیٹ کی مذمتی قرارداد25 April, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||