بڑی ٹیموں کے چیلنج کے لیے تیار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم بڑی ٹیموں کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بات نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ جب شعیب ملک سے پوچھا گیا کہ زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے کیا حاصل ہوا؟جس پر ان کا کہنا تھا کہ دونوں سیریز میں نوجوان کرکٹرز کو اس لیے موقع دیا گیا کہ سینئر کرکٹرز کا بیک اپ موجود رہے جنہیں وقت پڑنے پر موقع دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ’ٹیم اب بن چکی ہے اور وہ ایشیا کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹس بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی‘۔ پاکستانی ٹیم کی اگلی مصروفیت جون میں بنگلہ دیش میں ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہے جس میں تیسری ٹیم بھارت ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں صرف جارحانہ انداز اختیار کیا جائے اور اس کرکٹ میں بھی سمجھداری سے بیٹنگ اور منصوبہ بندی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس میچ میں ایک سو ساٹھ سے ایک سو ستر کا ہدف ذہن میں رکھا تھا لیکن مصباح الحق اور یونس خان نے عمدہ بیٹنگ کی۔ شعیب ملک نے مصباح الحق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ٹوئنٹی ٹوئنٹی بلکہ ٹیسٹ اور ون ڈے کے بھی عمدہ بیٹسمین ہیں۔انہوں نے کہا کہ انضمام الحق کی کمی تو کوئی بھی پوری نہیں کرسکتا لیکن مصباح نے ان کے بعد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ وہ اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتے کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولرز کے لیے کچھ بھی نہیں ہے اور اس کے قوانین میں وقتاً فوقتاً ردوبدل کی ضرورت ہے اور انہوں نے خود اور اپنے کرکٹرز کو ہر صورتحال میں کھیلنے کے لیے تیار کررکھا ہے کیونکہ وہ پروفیشنل کرکٹرز ہیں۔ شعیب ملک پیر کو بھارت کے شہر حیدرآباد دکن روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ آئی پی ایل کے میچ میں حصہ لیں گے۔ اس سوال پر کہ آپ کی شادی کے تنازعے کی خبریں مسلسل میڈیا میں آرہی ہیں اور یہ اطلاعات بھی ہیں کہ آپ کے مبینہ خسر عدالتی چارہ جوئی بھی کرسکتے ہیں جس پر شعیب ملک نے کہا کہ میڈیا کو یہ بھی پتہ ہونا چاہئے کہ انہوں نے دو نوٹس انہیں بھجوائے ہیں جس پر وہ خاموش ہیں اور انہیں کوئی خوف یا ڈر ہوتا تو وہ حیدرآباد دکن میں پہلا میچ کھیلنے نہیں جاتے۔ | اسی بارے میں کراچی: پاکستان کی ایک اور فتح20 April, 2008 | کھیل پاکستان نے سیریز کلین سویپ کرلی19 April, 2008 | کھیل بنگلہ دیش، زمبابوے ایک جیسے:شعیب19 April, 2008 | کھیل مسلسل گیارہویں فتح پر نظریں18 April, 2008 | کھیل پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی13 April, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||