مسلسل گیارہویں فتح پر نظریں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک ہفتے کو بنگلہ دیش کے خلاف پانچواں اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میچ جیت کر اپنا نام ریکارڈ بک میں درج کرانے کے شدت سے منتظر ہیں ۔ اگر پاکستانی کرکٹ ٹیم یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو شعیب ملک مسلسل گیارہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز جیتنے والے پہلے پاکستانی کپتان بن جائیں گے۔ شعیب ملک کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کی مسلسل فتوحات کا آغاز گزشتہ سال بھارت کے خلاف جے پور کے ون ڈے سے ہوا تھا جس کے بعد اس نے زمبابوے کے خلاف کلین سویپ کرتے ہوئے ہوم سیریز کے پانچوں میچز جیتے اور اب اس نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے چاروں میچز جیت رکھے ہیں اور مزید ایک جیت پاکستانی ٹیم کو اپنے نئے ریکارڈ کا مالک بنادے گی۔ 1990 میں پاکستانی ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں مسلسل دس ون ڈے میچز جیتے تھے جبکہ سب سے زیادہ لگاتار21 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں کامیابی کا ریکارڈ 2003ء میں رکی پونٹنگ کی آسٹریلوی ٹیم کا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ لگاتار میچوں میں شکست کا عالمی ریکارڈ بنگلہ دیش کے نام ہے جسے1999 سے2002 تک کے عرصے میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستانی کپتان شعیب ملک جہاں اپنی ٹیم کی عمدہ کارکردگی پر خوش ہیں وہاں بنگلہ دیشی کپتان محمد اشرفل کے لیے صورتحال مختلف ہے۔ ان کی ٹیم شکست سے دوچار ہو رہی ہے اور خود ان کی اپنی بیٹنگ پرفارمنس بکھری ہوئی ہے جس پر ان کے آسٹریلوی کوچ جمی سڈنز نے بھی تنقید کی ہے۔ ستم بالائے ستم لاہور کے ون ڈے میں سلو اوور ریٹ پر میچ ریفری مائیک پراکٹر نے بھی ان پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے آخری ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے پاکستانی ٹیم میں یونس خان کی واپسی ہوچکی ہے ۔ وہ دو میچ کھیلنے کے بعد سیریز سے الگ ہوگئے تھے جس پر سلیکٹرز نے یہ کہا تھا کہ یونس خان نے بقیہ میچوں سے خود کو اس لیے الگ کیا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جاسکے لیکن ان کے بارے میں متضاد خبریں آرہی تھیں کہ وہ سیریز کے دوران آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی ان سے کی گئی پوچھ گچھ سے سخت ناخوش تھے اور نہ صرف بنگلہ دیش کے خلاف سیریز بلکہ آئی پی ایل بھی نہ کھیلنے کے بارے میں فیصلہ کرچکے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان بھی کردیں لیکن یونس خان نے رسمی تردید کرکے بنگلہ دیش کے خلاف آخری میچ کے لیے خود کو دستیاب قرار دے دیا۔ پانچویں ون ڈے کے لیے پاکستانی ٹیم میں یونس خان کو محمد یوسف کی جگہ شامل کیا جائے گا جبکہ نعمان اللہ ۔ سرفراز احمد اور وہاب ریاض کو بھی موقع ملنے کا امکان ہے۔ |
اسی بارے میں شکیب الحسن کی سنچری بھی رائیگاں16 April, 2008 | کھیل پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی13 April, 2008 | کھیل پاکستان سات وکٹوں سے فاتح11 April, 2008 | کھیل بنگلہ دیش ایک سو باون رن سے ہار گیا08 April, 2008 | کھیل شعیب،آصف باہر، بازید کی واپسی30 March, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||