ارمان صابر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 | | | کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں:فاروق ستار |
کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ نے دعوٰی کیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران اس کے گیارہ ارکان کو قتل کیا گیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کا امن تباہ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اتوار کو ایم کیو ایم کے صدر دفتر نائن زیرو پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماء اور رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ یعنی اپریل میں ایم کیو ایم کےگیارہ ارکان کو قتل کیا گیا ہے۔ یہ پریس کانفرنس سنچر کی شب لانڈھی میں ایم کیو ایم کے دو ارکان کے قتل اور اتوار کی دوپہر ان کی نماز جنازہ کے بعد منعقد کی گئی تھی جس میں فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پہلے ہی حکومتی ارکان کو اس خدشہ سے آگاہ کرچکی ہے اور اب اس قسم کے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایم کیو ایم کے خدشات درست ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے کارکنوں کے قتل کے باوجود خون کے گھونٹ پی کر شہر کے امن کو قائم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔
 |  ہم نےاپنے کارکنوں کو پُرامن رہنے اور صبر و برداشت کرنے کی تلقین کی ہے کیونکہ ہمیں اس شہر، صوبے اور ملک کا امن عزیز ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ امن و استحکام ہوگا تو ترقی و خوشحالی ہوگی  فاروق ستار |
ان کے بقول ’ بعض عناصر ایم کیو ایم دشمنی میں اسی پر دہشت گردی کے شرمناک الزامات لگارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’لانڈھی میں دو کارکنوں کی ہلاکت پر ایم کیو ایم کے کارکنوں میں غم و غصہ کا پیدا ہونا بھی ایک فطری امر ہے لیکن ہم نے شہر کے امن کی خاطر کہیں بھی کسی قسم کا ردِعمل نہیں کیا اور اپنے کارکنوں کو بھی پُرامن رہنے اور صبر و برداشت کرنے کی تلقین کی ہے کیونکہ ہمیں اس شہر، صوبے اور ملک کا امن عزیز ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ امن و استحکام ہوگا تو ترقی و خوشحالی ہوگی۔‘ فاروق ستار نے کہا کہ ’ہم اپنے کارکنوں کے قتل پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور ہر ایوان میں، ہر فورم پر صدائے احتجاج بلند کریں گے اور پُرامن احتجاج کے جو بھی طریقۂ کار ہیں انہیں اختیار کریں گے‘۔ انہوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ لانڈھی کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹِس لیا جائے۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو قتل کرنے والوں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے، نیز بلاول ہاؤس پر سنیچر کو فائرنگ کرنے والوں کو بھی فی الفور گرفتار کیا جائے اور کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات کیے جائیں۔
|