ریاض سہیل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 | | | سندھ کے نئے وزیرِ اعلیٰ سید قائم علی شاہ |
پیر کو سندھ اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سید قائم علی شاہ کو بلامقابلہ وزیرِ علیٰ منتخب کرلیا ہے۔ ایوان میں موجود نوے اراکین نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ قائم علی شاہ اس سے پہلے بھی پیپلز پارٹی کے دورِ اقتدار میں سندھ کے وزیرِاعلیٰ رہ چکے ہیں۔سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد منگل کی صبح گیارہ بجے نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔ اس سے قبل ہنگامہ آرائی کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کو سپیکر اور شہلا رضا کو ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر باضابطہ طور پر کامیاب قرار دیا گیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس پر ایم کیو ایم اور مسلم لیگ فنکشنل نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔ ایم کیو ایم اور اپوزیشن جماعتوں کی غیر موجودگی میں انتخاب کے وقت پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سید قائم علی شاہ کے مدمقابل کسی جماعت کا امیدوار نہیں تھا۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ اسمبلی کے اجلاس کا غیر معینہ مدت تک بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ایم کیو ایم کے اراکین واپس ایوان میں نہیں آئے۔ |