ممکنہ وزراء کے ناموں کا اعلان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وفاقی کابینہ میں وزارتوں کی تقسیم کا فارمولہ طے پانے کے بعد حکمران اتحاد میں شامل دو بڑی جماعتوں کی طرف سے ان کے متوقع وزراء کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے اور اس مرتبہ پاکستان کی وفاقی کابینہ میں سے نصف وزراء ایسے ہیں جو کہ پہلی مرتبہ وزارت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں چوبیس رکنی کابینہ حلف اُٹھائے گی جس میں پیپلز پارٹی کے گیارہ، پاکستان مسلم لیگ نواز کے نو، عوامی نیشنل پارٹی کے دو اور جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن گروپ اور فاٹا سے منتخب ایک رکن قومی اسمبلی شامل ہوں گے۔ یہ وزراء پیر کو ایوان صدر میں اپنے عہدوں کا حلف اُٹھائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف کے مطابق پیپلز پارٹی کی طرف سے ابھی تک گیارہ نام سامنے آئے ہیں ان میں شاہ محمود قریشی، شیری رحمان، خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف، فاروق ایچ نائیک، نوید قمر، احمد مختار، قمرالزمان کائرہ، ہمایوں عزیز، نذر محمدگوندل اور نجم الدین خان شامل ہیں۔ ان افراد میں سے صرف چار، شاہ محمود قریشی، خورشید شاہ، نوید قمر اور احمد مختار وہ لوگ ہیں جو ماضی میں بھی کابینہ کا حصہ بن چکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے سات نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ نواز کے جنرل سیکرٹری اقبال ظفر جھگڑا کی طر ف سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ان کی جماعت کی طرف سے آٹھ متوقع وزراء میں چوہدری نثار علی خان، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، سردار مہتاب احمد خان، خواجہ سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی اور بیگم تہمینہ دولتانہ شامل ہیں۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال کے مطابق رانا تنویر کو بھی متوقع وزراء کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے متوقع وزراء میں سے خواجہ سعد رفیق ایسے رکن قومی اسمبلی ہیں جو ماضی میں کسی کابینہ کا حصہ نہیں رہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کو دی جانے والی وزارتوں کے لیے حاجی غلام احمد بلور اور خواجہ محمد خان ہوتی کے نام سامنے آئے ہیں جبکہ جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمن کی طرف سے سینیٹر طلحہ محمود جبکہ فاٹا سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی حمید الدین آفریدی کے نام بھی وزارت کے لیے سامنے آ رہے ہیں۔ مسلم لیگ نواز کے سیکرٹری اطلاعات کے مطابق کابینہ کے ارکان پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ایوان صدر جائیں گے اور صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ان سے حلف لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کو صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے حلف لینے پر تحفظات ہیں لیکن اس کے باوجود وہ جمہوریت کے استحکام کے لیے ایوان صدر جائیں گے۔ ادھر نئی کابینہ کے حلف لینے سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد میاں محمد نواز شریف کے درمیان آج رائے ونڈ لاہور میں ملاقات ہو رہی ہے جس میں نئی حکومت کی پالیسیوں پر غور کیا جائے گا۔ اس ملاقات میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی بھی شرکت کا امکان ہے۔ |
اسی بارے میں مرکز: وزارتوں کی تقسیم پر اتفاق18 March, 2008 | پاکستان وزارتوں کا اعلان سنیچر کو؟26 March, 2008 | پاکستان کابینہ پر اتفاقِ رائے، اعلان جلد متوقع28 March, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||