فضل اللہ کے ایف ایم کا دوبارہ آغاز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے شورش زدہ ضلع سوات میں مقامی عسکریت پسندوں کے رہنما مولانا فضل اللہ کے غیر قانونی ایف ایم ریڈیو چینل نے ایک بار پھر اپنی نشریات کا آغاز کر دیا ہے۔ سوات سے ملنے والی اطلاعات میں سرکاری ذرائع نے تصدیق کی کہ تقریباً تین ماہ تک بند رہنے والے غیر قانونی ایف ایم چینل سے مولانا فضل اللہ کی تقرریں دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ تین دنوں سے فضل اللہ کی تقرریں ان کے ایف ایم سٹیشن سے نشر کی جارہی ہیں تاہم چینل ابھی مکمل طورپرفعال نہیں ہوا ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے مذہبی رہنما کے چینل کی نشریات میں مداخلت کے لیے سرکاری ’سوات ریڈیو‘چینل کی نشریات بھی مزید فعال کردی ہے تاکہ مذہبی ریڈیو کی فریکونسی کو جام کیا جاسکے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ روزانہ رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب مولانا فضل اللہ اپنے روایتی انداز میں ایف ایم پر تقریر شروع کرتے ہيں اور یہ سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہتا ہے۔ ایک مقامی نے بتایا کہ جس وقت فضل اللہ تقریر کر رہے ہوتے ہیں عین اس وقت ایک اور ایف ایم سٹیشن سے کوئی نامعلوم شخص بلند آواز میں تقریر کرتا ہے جس سے کبھی کھبار فضل اللہ کی آواز غائب ہوجاتی ہے اور کبھی سنائی دے جاتی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق چینل میں بار بار خلل کے باعث فضل اللہ کی تقریر صاف طور پر سنائی نہیں دیتی۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ چینل کا دوبارہ آغاز تحصیل مٹہ کے کسی علاقے سے شروع کیا گیا ہے جس کا کھوج لگایا جارہا ہے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ چینل سے نشر ہونے والی تقریر پہلے سے ریکارڈ شدہ ہوتی ہے یا مولانا فضل اللہ اس وقت براہ راست کسی نامعلوم مقام سے تقریر کررہے ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ مقامی انتظامیہ سوات میں حالیہ کشیدگی کی بنیادی وجہ غیر قانونی ایف ایم ریڈیو چینلز کو قرار دیتی ہے۔ سوات میں فوجی کاروائی سے قبل ملاکنڈ ڈویژن میں تقریباً پچاس غیر قانونی ایف ایم سٹیشن کام کررہے تھے جن میں مولانا فضل اللہ کا ایف ایم ریڈیو چینل فریکونسی کے لحاظ سے سب سے زیادہ طاقت ور اور لوگوں میں مقبول سمجھا جاتا تھا۔ گزشتہ سال سوات میں جب سکیورٹی فورسز نے تمام اہم علاقوں کا کنٹرول حاصل کیا تو مولانا فضل اللہ نے اپنے ایف ایم چینل کی نشریات معطل کردی تھیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||