’ہمیں آمریت کو دفن کرنا ہوگا‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے ایوان زیریں یا قومی اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب کے بعد حزب اقتدار میں شامل پاکستان مسلم لیگ نواز کے راہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلی ربر سٹیمپ یا کٹھ پتلی ایوان کی طرح ایک آمر کے اقدامات کی توثیق نہیں کرے گی۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ان کا اشارہ گزشتہ نومبر میں جنرل مشرف کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کی جانب تھا۔ ان کی تقریر سے ظاہر ہو رہا تھا کہ صدر جنرل ریٹائرڈ مشرف کو آنے والے دنوں میں مشکلات درپیش ہوں گی۔ جاوید ہاشمی نے تکرار کے ساتھ کہا: ’ہمیں آمریت کو دفن کرنا ہوگا، دفن کرنا ہوگا، دفن کرنا ہوگا۔‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دفاعی بجٹ کو بھی جانچ پڑتال کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے۔ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے بطور سپیکر انتخاب اور حلف برداری کے بعد فہمیدہ مرزا نے ایوان میں قائد حزب اختلاف چوہدری پرویز الہی کو خطاب کی دعوت دی۔ پرویز الہی نے اپنی جماعت پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے ایوان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پرویز الہی نے بظاہر ایوان پر زور دیا کہ صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے اختیارات کو کم کرنے سے اجتناب بہتر ہوگا۔ مخلوط حکومت میں شامل عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے ایوان کو احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا: ’پاکستان اس وقت ایک نازک موڑ پر ہے، اگر خدانخواستہ اس مرحلے پر ایوان کوئی غلط فیصلہ کرتا ہے تو اس کے نتائج ہمارے اور ہمارے بچوں کے لیے تباہ کن ہوں گے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کو پھونک پھونک کر قدم رکھنا ہوگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئروائس چیئرمین مخدوم امین فہیم نے کہا کہ اب ملک جمہوریت کی راہ پر واپس آچکا ہے۔ انہوں نے سپیکر کے لیے فمہیدہ مرزا کی نامزدگی پر پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دوستوں کے دوست ہیں اور اپنا وعدہ نبھانا جانتے ہیں۔
مبصرین کے مطابق ان کا اشارہ صدر کے اس آئینی اختیار کی طرف تھا جس کے تحت وہ اسمبلیوں کو ختم کرسکتے ہیں۔ حزب اقتدار میں شامل جماعتیں آئین کی ’شق اٹھاون دو بی‘ کے خلاف ہیں۔ | اسی بارے میں نئی اسمبلی کا پہلا اجلاس، سپیکر منتخب19 March, 2008 | پاکستان فہمیدہ مرزا اٹھارویں سپیکر19 March, 2008 | پاکستان ’وزیر اعظم: بلاول اعلان کریں گے‘19 March, 2008 | پاکستان ’پارلیمنٹ کونہیں روکا جا سکتا‘18 March, 2008 | پاکستان ’وہی آئین ہے جو دو نومبر کو تھا‘11 March, 2008 | پاکستان امین فہیم کی وفاداری پر شک کیوں13 March, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||