لاپتہ افراد کے لیے جلوس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاپتہ افراد کی رشتہ دار خواتین نےعورتوں کے عالمی دن کے موقع پر سنیچر کے روز لاہور میں ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں مختلف غیر سرکاری تنظیموں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان خواتین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جس طرح بھارتی جاسوس کشمیر سنگھ کو باعزت رہا کیا گیا ہے اسی طرح لاپتہ افراد کو بھی فوراً بازیاب کروایا جائے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’مشرف مستعفی ہو کر قوم پر رحم کریں، عدلیہ کی بحالی عورت کی خوشحالی اور مظلوموں کی مدد کرنے والے چیف جسٹس کو رہا کرو جیسی عبارتیں لکھی ہوئی تھیں۔‘ خواتین مظاہرین نے ایبٹ روڈ سے لاہور پریس کلب تک ایک احتجاجی ریلی نکالی اور ’گو مشرف گو‘ اور لاپتہ افراد کو رہا کرو کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر لاپتہ ہونے والے عبداللہ طاہر کی بزرگ رشتہ دار نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ کو اس سال جنوری میں ان کے گھر سے منہ پر کپڑا ڈال کر اغواء کیا گیا اور ان کو آج تک پتہ نہیں چل سکا کہ اسےکہاں لے جایا گیا ہے۔
لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کام کرنے والی تنظیم تحفظ حقوق انسانی کی سربراہ آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ اب تک پانچ سو اٹھائیس افراد لاپتہ ہیں جن کی بازیابی کے لئے حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ جنجوعہ نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والی سیاسی جماعتوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے مسئلہ کو اپنے ایجنڈے میں اولین ترجیحی دیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے پندرہ مارچ تک لاپتہ افراد کوعدالتوں میں پیش نہ کیا تو اُن کی تنظیم پوری دنیا میں حکومت کے خلاف تحریک چلائے گی جس کا آغاز کراچی سے ہوگا۔ اس احتجاجی ریلی سے پہلے عورتوں کے عالمی دن کے حوالے سے ویمن ورکرز ہیلپ لائن نے ایک سیمینار کا بھی انعقاد کیا جس کا عنوان ’مشرف آمریت کو آخری دھکا’ تھا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں عورتوں کے خلاف امتیازی قوانین ختم کئے جائیں۔ |
اسی بارے میں وکلاء ریلی، لاٹھی چارج، چھ زخمی24 January, 2008 | پاکستان معزول ججوں کے حق میں مظاہرہ28 January, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||