عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام،کوئٹہ |  |
 | | | پیپلز پارٹی کے رہنما سردار اسلم رئیسانی اور صادق عمرانی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مطلوبہ اراکان کی حمایت حاصل ہے |
بلوچستان میں حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتوں کے مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام اور آزاد اراکین کے ساتھ مل کر بلوچستان میں حکومت قائم کی جائے گی۔ سیاسی جماعتیں اور آزاد اراکین اسمبلی بلوچستان میں اپنے اپنے طور پر مذاکرات شروع کیے ہوئے ہیں جب کہ مرکزی قائدین مرکز اور دیگر صوبوں کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے حوالے سے بھی جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین پر مشتمل کمیٹی اتوار کو کوئٹہ پہنچ رہی ہے جہاں حکومت سازی اور قائد ایوان کے انتخاب کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سردار اسلم رئیسانی اور صادق عمرانی نے کوئٹہ میں مشترکہ اخباری کانفرنس میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مطلوبہ اراکان کی حمایت حاصل ہے۔ اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح بلوچستان کے مسائل کا حل ہوگا ان میں تمام لوگوں کے لیے عام معافی کالعدم تنظیموں سے بات چیت لاپتہ اور گرفتار سیاسی کارکنوں اور قائدین کی رہائی اور بگٹی مری قبیلے کے پناہ گزینوں کو دوبارہ آباد کرنا ہے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے قائدین تا حال کوئی متفقہ پارلیمانی لیڈر کا انتخاب نہیں کر پائے اور اس وقت کوئی چار امیدوار میدان میں ہیں جنہوں نے آزاد منتخب ہونے والے ارکان اور اپنی جماعت کے اندر بھی اکثریت حاصل کرنے کے لیے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آزاد اراکین اسمبلی کے دو اجلاس منعقد ہو چکے ہیں لیکن تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا ہے۔
 | جمعیت علماء اسلام ایف کے مذاکرات  جمعیت علماء اسلام فضل الرحمان گروپ کے قائدین نے ایک طرف پیپلز پارٹی سے اور دوسری جانب مسلم لیگ قائد اعظم سے مذاکرات شروع کر رکھے ہیں  |
آزاد گروپ کے ایک رہنما سردار اسلم بزنجو کے مطابق اب تک جو مذاکرات ہوئے ہیں اس میں بلوچستان کو در پیش مسائل پر بات چیت ہوئی ہے۔ جمعیت علماء اسلام فضل الرحمان گروپ کے قائدین نے ایک طرف پیپلز پارٹی سے اور دوسری جانب مسلم لیگ قائد اعظم سے مذاکرات شروع کر رکھے ہیں اور ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ کسی آزاد رکن کو وزیر اعلی منتخب کرانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف بلوچستان کے حوالے سے اپنی سابقہ پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں۔ |