پشاور:پولیس چوکی پر راکٹ حملہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبائی دارالحکومت پشاور میں حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ایک پولیس چوکی پر راکٹوں سے حملہ کر کے اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں مسلح گروہوں کے مابین فائرنگ میں تین بھائیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق چوکی پر حملے کا واقعہ منگل کی رات پشاور کوہاٹ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب دو درجن سے زائد مسلح افراد نے حئنگلی چیک پوسٹ پر راکٹوں اور دیگر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ تھانہ بڈھ بیر کے ایک اہلکار جہانزیب خان نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے سے چوکی میں آگ لگ گئی جس سے وہ مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے۔ تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پشاور پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کوگھیرے میں لے لیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس اور مسلح افراد کے مابین رات گئے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ چوکی پر حملے کے بعد دو پولیس اہلکار لاپتہ ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ حئنگلی چیک پوسٹ قبائلی علاقے درہ آدم خیل سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران پشاور کوہاٹ روڈ پر درہ آدم خیل کے قریب واقع علاقوں میں پولیس اور ایف سی کی چوکیوں پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے متعدد بار حملے کیےگئے ہیں جس میں اب تک چار اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں دو مسلح گروہوں کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں تین بھائیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق بڈھ بیر میں رہائش پذیرگجر برداری اور مولوی گروپ کے مابین عرصہ دراز سے جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا ہے جس میں اب تک کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ بدھ کی صبح بھی کگہ ولہ کے مقام پر دونوں گروہوں کا آمنا سامنا ہوا جس پر فریقین نے ایک دوسرے پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں تین بھائی بھی شامل ہیں۔ پولیس نے دونوں گروہوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ | اسی بارے میں پشاور پولیس چیک پوسٹ پرحملہ24 February, 2008 | پاکستان این جی او دفتر پر حملہ، چار ہلاک25 February, 2008 | پاکستان پنڈی حملہ: نامعلوم شخص پر مقدمہ 26 February, 2008 | پاکستان انتخابی امیدوار پر ایک اور حملہ26 February, 2008 | پاکستان سوات بم دھماکہ، تیرہ ہلاک22 February, 2008 | پاکستان چیک پوسٹ حملہ، صوبیدار ہلاک15 February, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||