دلاور خان وزیر بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان |  |
 | | | اسی ہی علاقے سے اٹامک انرجی کمیشن کے تین اہلکار بھی اغواء ہوئے تھے |
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع لکی مروت سے بلوچستان لیویز کے ایک سرکاری گاڑی میں سوار تین افراد کو نامعلوم مسلح لوگوں نے اغواء کرلیا ہے۔ اسی ضلع سے تین ہفتے پہلے اغواء کیے جانے والے اٹامک انرجی کمیشن کے تین اہلکاروں کو تاحال بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔ لکی مروت پولیس کے سربراہ رومال اکرم نے بی بی سی کو بتایا کہ شہر سے تیس کلومیٹر شمال کی جانب گاؤں بائست خیل میں ایک درجن سے زیادہ مسلح لوگوں نے بلوچستان لیویز کی ایک سرکاری گاڑی میں سوار تین افراد کو اغواء کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بلوچستان لیویز کے ایک افسر سرکاری گاڑی میں اپنے دوستوں سے ملنے لکی مروت کے گاؤں بائست خیل آئے تھے۔ گاڑی کو اغواء کرتے وقت لیویز افسر گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ تاہم گاڑی میں سوار ان کے تین دوست کمال؛ طارق اور فلک ناز اغواء کیے جانے والوں میں شامل ہیں۔ پولیس کے سربراہ کے مطابق اس علاقے میں مقامی طالبان سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس واقعہ میں کون ملوث ہے اور ان کو کس مقصد کے لیے اغواء کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے تلاش شروع کردی ہے لیکن ابھی تک کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ تین ہفتے پہلے لکی مروت کے گاؤں پیزو سے اٹامک انرجی کمیشن کے تین اہلکاروں کو بھی نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا تھا۔ جن کو ابھی تک بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔ پولیس کے سربراہ نے اٹامک انرجی کمیشن کے اہلکاروں کے بارے میں بتایا کہ ان اہلکاروں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے حدود سے اغواء کیے تھے لیکن پھر بھی لکی پولیس نے تلاشی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ |