سفارتکار کی ہلاکت’اتفاقیہ حادثہ‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسلام آباد پولیس نے امریکی سفارت کار کیتھ رائن کی خودکشی کے واقعہ کی تحقیقات ان کی لاش کا پوسٹمارٹم کیے بغیر ہی مکمل کر لی ہیں اور پولیس نے اس واقعہ کو اتفاقیہ موت قرار دیتے ہوئے کیس کو نمٹا دیا ہے۔ مقامی تھانے کے ایس ایچ او محمد اشرف نے بتایا کہ اس ضمن میں کیتھ رائن کے ساتھ کام کرنے والے امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضروت پڑنے پر مزید افراد کے بیانات قلمبند کیے جا سکتے ہیں اور ابھی تک جن افراد کے بیابات قلمبند کیے جا چکے ہیں ان میں سے کسی نے بھی یہ نہیں بتایا کہ کیتھ رائن کسی ذہنی دباؤ یا کسی پریشانی میں مبتلا تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفارتخانے نے اس مقدمے کی تفتیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو صرف وہ پستول دیا ہے جس سے مذکورہ امریکی سفارتکار نے مبینہ طور پر خودکشی کی تھی۔ اس کے علاوہ پولیس کے افسران سمیت دیگر اہلکاروں کو نہ تو گھر میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی اور نہ ہی جائے حادثہ سے ضروری شواہد اکھٹے کرنے کی اجازت ملی۔ کیتھ رائن کی لاش ابھی تک پمز ہسپتال کے مردہ خانے میں موجود ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ میت کو ایک دو روز میں امریکہ بھیج دیا جائے گا۔ پمز ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منہاج کا کہنا ہے کہ پولیس کی طرف سے مذکورہ امریکی سفارتکار کا بیرونی پوسٹمارٹم کرنے کے بارے میں درخواست دی گئی تھی جبکہ میڈیکل میں کوئی بیرونی پوسٹمارٹم نہیں ہوتا۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی ہلاکت کے واقعہ کی تفتیش کے سلسلے میں پوسٹ مارٹم ہونا بہت ضروری ہے تاہم اگر مرنے والے کے ورثاء مقامی انتظامیہ کو پوسٹمارٹم نہ کرنے کی درخواست دیں اور انتظامیہ اس کی اجازت دے تو پھر پوسٹمارٹم نہیں کیا جا سکتا۔ واضح رہے کہ کیتھ رائن گزشتہ چار سال سے پاکستان میں تعینات تھے اور وہ پیر کو اپنےگھر میں مردہ پائے گئے تھے۔ ان کی بیوی اور تین بچے امریکہ میں مقیم ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئر ریٹائرڈ جاوید اقبال چیمہ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی ہلاکت کے حوالے سے پاکستانی اور امریکی ادارے تفتیش کر رہے ہیں۔ | اسی بارے میں امریکی سفارتکار کی پُراسرار خود کُشی 28 January, 2008 | پاکستان امریکی سفارتکار، عراق جبری تعیناتی 01 November, 2007 | آس پاس امریکی سفارتکار، زمینی سفرپر پابندی19 September, 2007 | آس پاس عراق میں امریکی سفارتکار ہلاک 24 October, 2004 | آس پاس امریکی سفارتکاروں کی بش پر تنقید04 May, 2004 | صفحۂ اول پاکستان سےامریکی سفارتی عملےکاانخلاء29.03.2002 | صفحۂ اول | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||