ہارون رشید بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
پاکستان کے صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف نے ملک میں ناامیدی اور قومی سالمیت کو خطرے کے تاثر کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ’ہمارے پاس میزائل، جوہری ہتھیار، طاقتور فوج اور پختہ معیشت ہے، لہذا عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔‘ صدر مشرف نے یہ باتیں سرکاری ٹی وی پر اپنے ہفتہ وار پروگرام ’ایوان صدر سے‘ کے دوران گفتگو کرتے ہوئی کیں۔ ملک کو درپیش چیلنجز کے موضع پر بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بعض اندرونی و بیرونی عناصر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ ’ قوم کے ساتھ مل کر ایسے عناصر کو شکست دی جائےگی، قوم کی خود اعتمادی اور یکجہتی سے ہی ان عناصر کو شکست دے کر ملک کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔‘ ان کے مطابق فروری کے عام انتخابات منصفانہ، آزادانہ اور پرامن ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے یا بعد میں وہ ہنگامہ آرائی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی مجموعی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پاکستان کے جوہری اثاثوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پوری طرح محفوظ ہیں اور اس بارے میں تمام خدشات بے بنیاد ہیں۔ |