پی پی کی یو این سے باقاعدہ اپیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئرمین آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کو باقاعدہ اپیل روانہ کر دی ہے۔ آصف علی زرداری کے قانونی مشیر فاروق ایچ نائیک نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ اپیل بدھ کو روانہ کی گئی ہے۔ فاروق نائیک کے مطابق اپیل میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون، سلامتی کونسل کے سربراہ اور مستقل رکن ممالک کے نمائندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بےنظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے لیے اسی طرح کا بین الاقوامی کمیشن قائم کریں جس طرح لبنانی وزیر اعظم رفیق حریری کے قتل کے بعد تشکیل دیا گیا تھا۔ فاروق نائیک کا کہنا ہے کہ اپیل میں پاکستانی اداروں کی تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملکی اداروں کی تفتیش سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ’اس میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ہم حکومت سے محترمہ کی سکیورٹی کی ڈیمانڈ کرتے رہے لیکن انہوں نے سکیورٹی فراہم نہیں کی اور جو ان کا قتل ہے اس میں حکومت کہتی ہے کہ القاعدہ ملوث ہے لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ کس ملک میں یہ سازش تیار کی گئی اور اس کے اسپانسرز کس ملک میں بیٹھے ہیں تو جب تک غیرجانبدارانہ تحقیقات نہیں ہوں گی اس معاملے کی تہہ تک نہیں پہنچا جاسکتا‘۔ فاروق نائیک نے بتایا کہ اپیل کے ساتھ متعدد دستاویزات بھی بھیجی گئی ہیں ان میں بے نظیر بھٹو کی جانب سے ان کی زندگی میں حکومت کو لکھے گئے خطوط اور عدالتوں میں داخل کی گئی اپیلیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری نے اپنی اس اپیل میں کسی ادارے یا فرد پر بےنظیر بھٹو کے قتل کا شک ظاہر نہیں کیا ہے بلکہ یہ کہا ہے کہ ریکارڈ پر بے نظیر بھٹو کے اپنے خطوط موجود ہیں جن سے بین الاقوامی تفتیش کار مدد لے سکتے ہیں۔ فاروق نائیک کے مطابق آصف زرداری نے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کا بھی تذکرہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس ٹیم کو محدود اختیارات دیے گئے ہیں اور اس کی تفتیش کو قاتلوں کے بجائے قتل کی وجہ معلوم کرنے تک محدود رکھا گیا ہے۔ان کے مطابق اب تک اقوام متحدہ کے کسی اہکار یا نمائندے نے آصف علی زرداری سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ صدر پرویز مشرف اور نگراں حکومت نے پیپلز پارٹی کے اس مطالبے کو ماننے سے انکار کردیا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کرائی جائے۔ | اسی بارے میں ’پی پی خود یواین سے رابطہ کرے گی‘15 January, 2008 | پاکستان سکاٹ لینڈ یارڈ، زرداری ملاقات15 January, 2008 | پاکستان سکاٹ لینڈ یارڈ کے چھ اہلکار واپس14 January, 2008 | پاکستان سکاٹ لینڈ یارڈ، مشرف سے ملاقات08 January, 2008 | پاکستان بینظیرقتل: برطانوی ٹیم معاونت کریگی04 January, 2008 | پاکستان برطانیہ سے مدد لیں گے: مشرف02 January, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||