دلاور خان وزیر بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان |  |
 | | | پولیٹکل انتظامیہ نے تلاشی کا عمل شروع کیا ہے لیکن تاحال کامیابی حاصل نہیں ہوئی |
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے گومل زم ڈیم سے ایک تعمیراتی کمپنی کے چھ اہلکاروں کو اغواء کرلیا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے علاقے میں تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے لیکن تاحال کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام گومل زم ڈیم میں ایک غیر ملکی تعمیراتی کمپنی کے ساتھ کام کرنے والے چھ پاکستانی اہلکاروں کو اس وقت اغواء کرلیا گیا جب وہ ڈیم سےایک گاڑی میں ٹانک لوٹ رہے تھے۔ اغواء ہونے والوں میں عبداللہ، عطاءاللہ، سہیل خان، خلیل خان اور ایک سپلائی ٹھیکیدار شامل ہیں۔ حکام کے مطابق اغواء کار مسلح تھے جن پر قریبی ایف سی کی ایک چیک پوسٹ سے فائرنگ بھی کی گئی لیکن وہ جنوبی وزیرستان کے پہاڑی سلسلوں میں روپوش ہوگئے اور سرکاری گاڑی کو ایک نالے میں چھوڑ دیا تھا۔ یاد رہے کہ غیر ملکی چین کی تعمیراتی کمپنی کے دو انجینیئروں کو دو ہزار چار میں مقامی طالبان کمانڈر عبداللہ محسود نے اغواء کیا تھا۔ بعد میں ایک فوجی آپریشن میں ایک چینی انجینیئر سمیت پانچ اغواء کار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایک انجینیئر کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ڈیم پر دو سال تک کام رک گیا تھا اور اس سال ایک بار پھر ایک نئے معاہدے کے تحت چینی کمپنی نے کام شروع کیا ہے۔
|