کوہاٹ: لاشیں آبائی علاقوں میں روانہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ سرحد کے جنوبی شہر کوہاٹ میں پیر کے روز خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے فوجی جوانوں کی لاشیں ان کی آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں ہیں جبکہ دھماکے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم بھی مقرر کی گئی ہے۔ کوہاٹ سے ملنے والی اطلاعات میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو فوجی چھاؤنی کوہاٹ میں خودکش حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دس فوجیوں کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی تھیں ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سی ایم ایچ کوہاٹ میں زیر علاج دو فوجیوں نے رات گئے دم توڑنے کے بعد ان کی لاشیں منگل کی صبح ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔ پیر کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق سندھ ، پنجاب اور صوبہ سرحد سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کےلیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم بھی مقرر کی گئی ہے جس نے ابتدائی تحقیقات کےلیے حملہ آور کے جسم کے کچھ حصے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے پشاور بھیج دیئے ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اس واقعہ کے بعد فوجی چھاؤنی کی حدود میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کینٹ کے تمام کونوں پر موجود فوجی اہلکار چھاؤنی میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کو مشینوں کے ذریعے سے چیک کرتے ہیں جبکہ لوگوں کو بھی روک کر ان کی فرداً فرداً جامہ تلاشی لی جاتی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق پیر کے واقعہ کے بعد چھاؤنی کے علاقے میں فوجی حکام نے کئی مورچے بھی بنا لیے ہیں جبکہ ہر چوک میں بکتر بندگاڑیوں کے علاوہ فوجی جوان بڑی تعداد میں گشت کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ یاد رہے کے پیر کو کوہاٹ چھاؤنی میں ٹو بٹالین کے فوجیوں کو ایک مبینہ خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں بارہ فوجی جوان ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔ کوہاٹ چھاؤنی میں گزشتہ پانچ ماہ کے دوران یہ دوسرا خودکش حملہ تھا۔ ادھر چار دن قبل نوشہرہ چھاؤنی میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد وہاں بھی حکام کے مطابق سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور کینٹ کو آنے جانے والے تمام راستوں پر پولیس کی نفری بڑھادی گئی ہے۔ |
اسی بارے میں کامرہ: سکول بس پر خودکش حملہ10 December, 2007 | پاکستان باجوڑ ایجنسی: چوکی پر حملہ08 December, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||