رفعت اللہ اورکزئی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور |  |
 | | | دھماکہ ایسے علاقے میں ہوا جہاں عام طور پر سیکورٹی کا سخت انتظام ہوتا ہے |
پاکستان میں صوبہ سرحد کے علاقے کوہاٹ میں فوجی چھاؤنی میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں بارہ فوجی ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔ خود کش حملہ آور نے فوجی جوانوں کو کوہاٹ کے آرمی پبلک سکول کے قریب نشانہ بنایا۔ واقعہ کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز سے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ کوہاٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق خودکش بم حملے میں بارہ فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ دوسری طرف پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش بم حملے میں بارہ فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔یہ واقعہ سوا بارہ بجے پیش آیا۔
 | فٹ بال میچ  جوان ایک فٹ بال میچ کھیل کر اپنے یونٹوں میں جا رہے تھے کہ ایک مبینہ خود کش حملہ آور آیا اور جوانوں کے درمیان گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا  میجر جنرل وحید ارشد |
ان کے مطابق فوجی جوان ایک فٹ بال میچ کھیل کر اپنے یونٹوں میں جا رہے تھے کہ ایک مبینہ خود کش حملہ آور آیا اور جوانوں کے درمیان گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ جائے وقوعہ پر موجود مقامی صحافی عنایت اللہ شاہ اورکزئی نے بتایا کہ حملہ چھاؤنی کے علاقے میں آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے قریب ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد فوج نے سارے علاقے کو سیل کردیا ہے جبکہ لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ جمعہ چودہ دسمبر سے یہ تیسرا جبکہ صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کے ملک سے ایمرجنسی اٹھانے کے اعلان کے بعد یہ دوسرا خودکش حملہ تھا جس کا ہدف بظاہر فوج ہی تھی۔ |