بیورو رپورٹ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | سڑکوں پر آنے نہیں دیں گے: مشرف |
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کی طرف سے نگراں حکومت کے بارے میں اٹھائے جانے والے اعتراضات سے انتخابی شیڈول پر کوئی فرق نہیں بڑے گا۔ بی بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ بینظیر کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کے باوجود انتخابی عمل عمل چلتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کی کچھ تاریخیں ہیں جن کا اعلان الیکشن کمشن کو کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات اسی شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ تاہم صدرِ پاکستان نے کہا: ’ہاں اگر یہ سڑکوں پر آ کر جلاؤ، گھیراؤ کرنا چاہتے ہیں تو اس کی ہم اجازت نہیں دیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے احتجاج سے الیکشن کے عمل پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور حکومت کی پوری کوشش ہو گی کہ الیکشن شیڈول کے مطابق ہوں۔ صدر مشرف نے کہا کہ حکومت نے سیاسی جماعتوں سے نگراں حکومت کے لیے نام مانگے تھے جو انہوں نے نہیں دیے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو نے نگراں حکومت کے لیے نام دینے کے بجائےحکومت کے سامنے پانچ مطالبات رکھ دیے۔ ’انہوں نے کہا یہ پانچ مطالبات ہیں، آپ انہیں پورا کر دیں بصورت دیگر آپ جانتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ اگر بینظیر بھٹو نگراں حکومت کے لیے نام دے بھی دیتیں تو حکومت پر لازم نہیں تھا کہ وہ انہیں عبوری حکومت میں شامل کرے۔ ’انٹیرم گورنمنٹ اس وقت جو لگی ہے وہ بالکل غیرجانبدار ہے، قابل لوگ ہیں، اچھے کردار والے لوگ ہیں اور پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھ سکتے ہیں۔‘ صدر مشرف نے نگراں حکومت کے بارے میں اپوزیشن کے مطالبات کو غیرحقیقت پسندانہ قرار دیا۔ ’ان کے ساتھ تو یہ ہے کہ اگر میں ستارے بھی توڑ لاؤں گا ناں، وہ کہیں گے نہیں یہ سب فراڈ ہے۔ تو ان کی بات میں نے نہیں سننی ہے، میں نے پاکستان کا خیال رکھنا ہے اور پالیسیز کو چلانا ہے، پالیسیز کو آگے بڑھانا ہے۔ تو اس لحاظ سے یہ جو ابھی کابینہ ہم نے بنائی ہے یہ بہت اچھی کابینہ ہے۔‘ |