عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ |  |
 | | | ایجنسیاں مداخلت کرتی رہیں تو انتخابات کے نتائج متاثر ہوں گے: جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ |
سیاسی جماعتوں کے قائدین، ریٹائرڈ سرکاری افسران اور مبصرین نے انتخابات کے حوالے سے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ آزاد اور بااختیار الیکشن کمیشن بااعتماد عبوری حکومتوں کا قیام اور منصفانہ انتخابات ملک کے لیے ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کے بعد ہی نتائج کو تسلیم کیا جائے وگرنہ حالات کوئی بھی رخ اختیار کر سکتے ہیں۔ کوئٹہ میں ایک غیر سرکاری تنظیم پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی کے زیر انتظام ایک روزہ سیمینار کے اختتام پر جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی نے کہا کہ مقررین کو سسنے کے بعد انہوں نے یہ اخذ کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کے خدشات دور کیے جائیں اور سول سوسائٹی کو انتخابات کے عمل میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کو الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہے جس سے انتخابات متاثر ہو سکتے ہیں۔ سعید الزمان صدیقی کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کا قیام انتہائی ضروری ہے جو فیصلے کرنے میں آزاد ہو۔
 | کیسے انتخابات  بلوچستان میں فوجی آپریشن جاری ہے تو انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں۔ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور سلاب کے متاثرہ بے گھر لوگوں کے ووٹ رجسٹرڈ ہی نہیں کیے گئے  حبیب جالب ایڈووکیٹ |
آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی اور سابق گورنر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت بند کی جائے۔انہوں نے کہا اگر ایجنسیاں مداخلت کرتی رہیں تو انتخابات کے نتائج متاثر ہوں گے اور تمام مہم بے سود رہے گی۔سابق گورنر سندھ معین الدین حیدر کے مطابق لوگوں میں شعور اجاگر کرنا چاہیے اور ایسے سمینار انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور ان پر عملدرآمد بھی ہوتا ہے۔ بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے وفاقی حکومت اور سیمینار پر سخت تنقید کی ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے جنرل سیکرٹری حبیب جالب ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں فوجی آپریشن جاری ہے تو انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور سلاب کے متاثرہ بے گھر لوگوں کے ووٹ رجسٹرڈ ہی نہیں کیے گئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر کمانڈر خدائداد خان نے کہا کہ انہیں موجودہ حکمرانوں سے کوئی توقع نہیں ہے اور ایسے سیمینار انہیں ڈرامہ نظر آتے ہیں جن کی کوئی سنوائی نہیں ہوتی۔ پشتونخوال ملی عوامی پارٹی کے رہنما اکرم شاہ اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی قوموں کو ان کے حقوق دیے جائیں اور وسائل پر اختیار دیا جائے۔
|