BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 20 October, 2007, 11:28 GMT 16:28 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اندرون سندھ ہڑتال، عدالتی بائیکاٹ

کراچی میں ہڑتال
اندرون سندھ میں ہڑتال کارکنان کا فطری ردعمل ہے کیونکہ ان کی پوری جماعت غم اور غصے میں ہے: کھوڑو
کراچی میں پیپلز پارٹی کی سربراہ بینظیر بھٹو کے استقبالیہ جلوس میں بم دھماکوں کے خلاف ہفتے کے دن اندرون سندھ کےاکثر شہروں میں دوسرے دن بھی ہڑتال کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ احتجاجی جلوس نکالے گئے ہیں اور عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔

بینظیر بھٹو کے آبائی شہر لاڑکانہ میں پی پی کے مقامی رہنماؤں کی کال پر مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی جبکہ پی پی پی کے ضلعی رہنماؤں ایاز سومرو، انور بھٹو اور دیگر رہنماؤں کی سربراہی میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔

دوسری جانب مخدوم امین فہیم کے آبائی گاؤں ہالا سمیت اندرون سندھ کےمختلف اضلاع حیدرآباد، ٹھٹھہ، دادو، گھوٹکی، عمر کوٹ، نوشہروفیروز، خیرپور میرس اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں کراچی بم دھماکوں کے خلاف مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی اور شہروں میں سوگ جیسا سماں رہا۔

پی پی پی کے مقامی رہنماؤں کی قیادت میں اندرون سندھ کے اکثر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ حیدرآباد کے سخی پیر چوک پر پی پی کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ ٹھٹھہ حیدرآباد روڈ پر کارکنان نےرکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک بند کر دی۔ جامشورو میں پارٹی کے مقامی رہنماء ممتاز راہوجو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

دوسری جانب حیدرآباد، عمر کوٹ، لاڑکانہ اور نوابشاہ کی عدالتوں میں وکلاء نے کراچی بم دھماکوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کے رہنماء قاضی عبدالستار اور اللہ بچایو میمن کےمطابق بار ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس بھی ہوا جس میں وکلاء نے کراچی بم دھماکوں کی مذمت کی اور واقعے کی آزادانہ تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ جمعرات کی شب کراچی میں پی پی پی کی سربراہ بینظیر بھٹو کے استقبالیہ قافلےمیں بم دھماکوں کے خلاف جمعہ کے دن اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں ازخود ہڑتال کی گئی تھی۔

بینظیر بھٹو نے بم دھماکوں کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کسی ہڑتال کی کال نہیں دی تھی۔ انہوں نے صرف اتوار کےروز ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا تھا مگر اندرون سندھ کے اکثر شہروں میں سنیچر کو بھی پی پی پی کارکنان کی کال پر ہڑتال کی گئی ہے اور احتجاج ہوا ہے۔

پی پی رہنماء نثار کھوڑو نے بی بی سی کو بتایا کہ اندرون سندھ میں ہڑتال کارکنان کا فطری ردعمل ہے کیونکہ ان کی پوری جماعت غم اور غصے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز بم دھماکوں میں جاں بحق ہونےوالے افراد کی تمام ضلعی ہیڈ کورارٹروں میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائیگی۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد