علی سلمان بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور |  |
 | | | بےنظیر سے شراکتِ اقتدار کی بات نہیں: پرویز الہی |
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ بے نظیر نے صوبائی تعصب پر مبنی بات کی ہے اور ان کی سوچ پاکستان کے لیے نقصان دہ ہے۔ یہ بات انہوں نے بے نظیر بھٹو کی دبئی میں پریس کانفرنس کے جواب میں لاہور سول سیکرٹریٹ کےدیوان ہال میں صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلی پنجاب نے بے نظیر کے اس بیان کا حوالہ دیاجس میں انہوں نے کہا ہے کہ سندھ کے وزیر اعظم کو پھانسی دی جاتی ہے اور پنجاب کے وزیراعظم کو ملک سے باہر جانے دیا جاتا ہے۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ’انہیں دکھ اور افسوس ہے کہ بے نظیر نے صوبہ پرستی کی بات کی ہے، انہیں یہ علم نہیں ہے کہ پنجاب نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی ہے۔‘ وزیراعلی نے کہاکہ ’بے نظیر نے جو پہلی بات کی ہے وہ ملک کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور پاکستان کی یک جہتی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔‘ انہوں نے پیپلز پارٹی کے لیے لفظ معافی پارٹی استعمال کیا اور کہا کہ بے نظیر پہلے مقدمات ختم کرانے کے لیے معافیاں مانگتی رہی تھیں اور اس وقت صدر مشرف کی وردی ان کے نزدیک ٹھیک تھی اور اب جب ان کے کیس ختم ہوگئے ہیں تو بےنظیر کہتی ہیں کہ انہیں وردی قبول نہیں۔ وزیر اعلی کے بقول بے نظیراپنی ذات سے آگے نہیں سوچ سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی محب وطن نہیں ہے اور ملک توڑنے والی جماعت ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے بے نظیر کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر قدیر تک عالمی اداروں کو رسائی دینے کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے بیانات دینے والوں کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ حکمران مسلم لیگ پنجاب کے صدرچودھری پرویز الہی نے کہا کہ مسلم لیگ ایسی پارٹی کو کبھی آگے نہیں آنے دے گی۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے شراکتِ اقتدار کا کوئی فارمولا زیربحث ہے، نہ زیر غور ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی مسلم لیگ پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن لڑے گی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب حکومت صوبے سے بے نظیر کے استقبال کے لیے جانے والوں کی تعداد کے بارے میں رپورٹیں اکٹھی کر رہی ہے۔صادق آباد میں مختلف خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار صوبہ سندھ جانے والی بسوں کے نمبر نوٹ کرتے رہے اور ان کی تصویریں بناتے رہے۔ پیپلز پارٹی کے رحیم یار خان سے رکن پنجاب اسمبلی جاوید حسن گجر نے کہا کہ جب پنجاب کے حکمرانوں تک یہ اعداد وشمار پہنچیں گے تو ان کی نیندیں اڑ جائیں گی۔ |