بینظیرکا استقبال، قافلوں کی آمد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور کارکنان پارٹی کی چئرپرسن بینظیر بھٹو کی اٹھارہ اکتوبر کو وطن واپسی پر کراچی میں ان کا استقبال کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ دوسری جانب اندرون ملک کے مختلف شہروں سے قافلے کراچی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ پی پی پی کراچی کے صدر راشد ربانی نے بی بی سی کو بتایا کہ عمرکوٹ سے سینتالیس افراد پر مشتمل قافلہ پیر کو پیدل نو دن کے بعد کراچی پہنچا ہے جبکہ گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں پر مشتمل مزید قافلے راستے میں ہیں جو اپنی رہنماء کے استقبال کے لئے کراچی پہنچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کی مختلف شاہراہوں پر بینرز، پلے کارڈز اور ہورڈنگز لگائی گئیں ہیں جن پر بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی تصاویر اور نعرے درج ہیں۔ دوسری جانب مختلف عمارتوں کو بھی سجایا جارہا ہے۔ راشد ربانی نے کہا کہ بینظیر بھٹو اٹھارہ اکتوبر کی دوپہر کراچی پہنچیں گی اور ائرپورٹ کے باہر اسٹار گیٹ سے وہ جلوس کی قیادت کرتے ہوئے مزارِ قائد جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مزارِ قائد پر عوام سے خطاب کریں گی اور اس کے بعد وہ کلفٹن میں واقع اپنی رہائش گاہ بلاول ہاؤس جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں گرمی کے باعث ائرپورٹ سے مزارِقائد تک عوام کے لئے ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی جبکہ پورے راستے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔ پیر کو لیاری سے پی پی پی کے کارکنوں نے ایک ریلی نکالی جو بلاول ہاوس پر اختتام پذیر ہوئی۔ لیاری پی پی پی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے جہاں مختلف مقامات پر پی پی پی کے گانوں کی اونچی آواز میں ریکارڈنگ چلائی جا رہی ہے اور نوجوان رقص کررہے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی پی پی کے ارکان بینظیر بھٹو کی آمد پر خوشیاں منارہے ہیں۔ کراچی کی طرح لاڑکانہ میں بھی استقبال کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں۔ پی پی پی لاڑکانہ کے صدر ایاز سومرو نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ایک عید گزر چکی ہے اور اب ہماری ایک اور عید اٹھارہ اکتوبر کو ہوگی۔ ہم نے یہاں لاڑکانہ کو دلہن کی طرح سجایا ہے اور اپنی رہنماء کا استقبال کرنے کی پرجوش تیاریاں جاری ہیں‘ ایاز سومرو نے بتایا کہ لاڑکانہ کے داخلی راستے پر ایک بہت بڑا گیٹ بنایا گیا ہے جہاں سے بینظیر بھٹو کا استقبال کرکے انہیں لاڑکانہ لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پی پی پی کی چئرپرسن متوقع طور پر بیس یا اکیس اکتوبر کو لاڑکانہ پہنچیں گی جہاں وہ پی پی پی کے بانی چئرمین اور اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر فاتحہ پڑھیں گی اور دو دن قیام کے بعد اسلام آباد روانہ ہوں گی۔ | اسی بارے میں قدیر پر بیان، پیپلز پارٹی کی وضاحت26 September, 2007 | پاکستان استعفے بھی دے سکتے ہیں: بے نظیر03 October, 2007 | پاکستان توقع ہے ڈیل ہو جائے گی: بینظیر04 October, 2007 | پاکستان درخواست نہیں ملی، واپسی 18 کو 11 October, 2007 | پاکستان چھیاسی اور دو ہزار سات: کیا فرق ہے؟ 13 October, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||