عمران:سندھ میں داخلےپر پابندی ختم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
تحریکِ انصاف کے رہنماء عمران خان کے سندھ میں داخلے پر پابندی لگانے اور ختم کرنے کا سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے تاہم اب حکومت سندھ نے صوبے میں اُن کے داخلے کی اجازت تو دے دی مگر ریلی نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومتِ سندھ کے محکمہ داخلہ نے یہ پابندی بارہ ستمبر کو اس وقت لگائی تھی جب عمران خان نے کراچی آنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیرِاعلٰی کے مشیر برائے داخلہ وسیم اختر کا کہنا ہے کہ عمران خان کراچی آسکتے ہیں مگر وہ شہر کی بارہ اہم شاہراہوں میں سے کسی پر بھی ریلی نہیں نکال سکتے اُن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شہر میں ٹریفک جام کی شکایت پر کیا گیا ہے۔ وسیم اختر نے سخت لہجے میں کہا کہ ’وہ آئیں مگر طریقے سے آئیں یہ برداشت نہیں ہوگا کہ ریلیاں نکلیں، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو اور شہر میں توڑ پھوڑ ہو‘۔ بارہ ستمبر کو پابندی کے باوجود عمران خان کراچی پہنچے تھے تاہم اُنہیں ائرپورٹ سے باہر نہیں آنے دیا گیا تھا اور اگلی پرواز سے اسلام آباد روانہ کر دیا گیا تھا۔ بارہ مئی کو کراچی میں ہونے والے خونریز ہنگاموں کے بعد سے عمران خان کو سندھ میں داخل نہیں ہونے دیا گیا ہے۔ ان پر صوبے میں داخلے پر پہلی پابندی بارہ مئی کے واقعات کے فوراً بعد لگائی گئی تھی۔ عمران خان آج کل اپنے وکلاء سے ملاقات کے لئے لندن کے دورے پر ہیں جہاں وہ کراچی میں ہونے والے تشدد کے واقعات میں ایم کیو ایم اور اُس کے قائد الطاف حسین کے ملوث ہونے کی تحقیقات شروع کرانا چاہتے ہیں۔ کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ’ عمران خان ایم کیو ایم کے خلاف اپنی تمام تر سازشوں اور الطاف حسین کے خلاف لندن میں مقدمہ درج کرانے میں ناکامی کے بعد اب ایک خاتون کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کا یہ بیان عمران خان اور الطاف حسین کی اہلیہ فائزہ گبول کے درمیان جمعہ کو لندن میں ہونے والی ایک ’اتفاقیہ ملاقات‘ کی خبروں کے پسِ منظر میں آیا ہے جس کے مُطابق عمران خان الطاف حسین کے خلاف مقدمے کے اندراج کے سلسلے میں اپنے وکیل کے پاس موجود تھے اسی دوران فائزہ گبول، الطاف حسین سے اپنی طلاق کے سلسلے میں وکیل سے ملنے گئیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سبحان علی ساحر کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اور صوبائی حکومت عمران خان سے خوفزدہ ہے جس کی بناء پر اُنہیں شہر میں آنے سے روکا جارہا ہے اور اس کے لئے حکومت مُختلف بہانے تلاش کر رہی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے عمران خان کے سندھ میں داخلے پر پابندی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا اور حکومت نے عدالتی احکامات سے بچنے کے لیے پابندی ختم کی ہے۔ | اسی بارے میں عمران: دوبارہ سندھ سے نکال دیا گیا12 September, 2007 | پاکستان ’الطاف حسین کے خلاف شواہد ہیں‘03 June, 2007 | پاکستان عمران خان لندن پہنچ گئے02 June, 2007 | پاکستان ہم پکا ہاتھ ڈالیں گے: عمران خان28 May, 2007 | پاکستان ’فوج اقتدار سے علیحدہ ہو جائے‘14 August, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||