رفعت اللہ اورکزئی بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور |  |
 | | | سنیچر کی صبح باجوڑ اور جنڈولہ میں دو خودکش حملوں میں چار سکیورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے تھے |
پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں نامعلوم مسلح افراد نے مہمند رائفلز کے دس اہلکاروں کو بندوق کی نوک پر اغواء کرلیا ہے۔ مہمند ایجنسی سے ملنے والی اطلاعات میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ سنیچر کی شام مہمند رائفلز کے دس اہلکار ایک گاڑی میں صدر مقام غلنئی سے محمد گٹ جارہے تھے کہ قندرو کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے سکیورٹی فورسز کے تمام اہلکاروں کو بندوق کی نوک پر گاڑی سے اتار لیا اور کسی نامعلوم مقام پر اپنے ساتھ لے گئے۔ مہمند ایجنسی کے ایک اعلی سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے واقعہ کی تصدیق کی تاہم مزید معلومات دینے سے انکار کیا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے لاپتہ اہلکاروں کو تلاش کرنے کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ تاہم کسی گروپ نے تاحال اس اغواء کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ مہمند ایجنسی کی سرحدیں قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی سے ملتی ہیں جہاں سنیچر کی صبح ایک مبینہ خودکش حملے میں ایف سی کے چار اہلکاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو عام شہری بھی شامل تھے جو سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ اس سے چند روز قبل قبائلی علاقے وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز کے سو سے زائد اہلکار لاپتہ ہوگئے تھے جو تاحال لاپتہ ہیں۔ ان اہلکاروں کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں طالبان کے جنگجوؤں نے اغواء کیا ہے۔ |