امریکی قانون سازی پر تشویش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے بدھ کو باقاعدہ طور پر امریکی سیاست دانوں کے پاکستان مخالف بیانات اور مشروط امداد کے بارے میں قانون سازی پر امریکہ کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ وزیرِ خارجہ خورشید محمود قصوری نے پاکستان کی اس تشویش سے امریکی نائب وزیر خارجہ رچرڈ باؤچر کو آج اسلام آباد میں ایک ملاقات میں آگاہ کیا۔ امریکی اہلکار نے صدر مشرف سے بھی ملاقات کی ہے۔ جنوبی ایشیا کے لیے امریکی نائب وزیرِ خارجہ رچرڈ باؤچر کا یہ پاکستان کا اس سال چوتھا دورہ ہے۔ پاکستانی وزیرِ خارجہ نے رچرڈ باؤچر سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات کو دونوں کے مفاد میں قرار دیا۔ تاہم انہوں نے کچھ عرصہ قبل امریکی سیاستدانوں کی جانب سے دیے گئے بیانات کے بارے میں اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منفی اثر رکھتے ہیں۔ خورشید قصوری نے امریکہ میں حالیہ قانون سازی پر بھی تشویش ظاہر کی جس کے تحت پاکستان کی سکیورٹی امداد اس کی کارکردگی سے مشروط کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قانون سازی نے پریسلر ترمیم کی یاد دلا دی ہے جس کے دو طرفہ تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوئے تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ یہ قانون دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات کی روح کے خلاف ہیں۔ ملاقات میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ امریکہ کے سول نیوکلیئر معاہدے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ سرکاری بیان کے مطابق رچرڈ باؤچر نے حالیہ بیانات کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پالیسی کی عکاسی صدر بش اور وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس کے بیانات کرتے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ رچرڈ باؤچر پاکستان میں بعض امریکی صدارتی امیدواروں کے بیانات سے پیدا ہونے والی تشویش میں کمی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دونوں وزراء نے اس امید کا اظہار کیا کہ کابل جرگے کے طے شدہ طریقۂ کار سے امن کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ رچرڈ باؤچر کے تازہ دو روزہ دورۂ پاکستان کو موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں کافی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورے میں توقع ہے کہ بعض امریکی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان میں القاعدہ کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی دھمکیاں اور صدر جنرل پرویز مشرف کو درپیش سیاسی بحران پر بھی تفصیلی بات ہوگی۔ توقع ہے کہ اعلیٰ امریکی اہلکار آج بعد میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ صدر مشرف پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انہیں دو سو فیصد یقین ہے امریکہ پاکستان کے اندر کسی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا ہے۔ |
اسی بارے میں امریکہ پاکستان میں جمہوریت کاخواہاں14 June, 2007 | پاکستان رچرڈ باؤچر کوئٹہ کے دورے پر14 June, 2007 | پاکستان باؤچر پاکستان کے’انتخابی مشن‘ پر13 June, 2007 | پاکستان ’پاکستان پر پالیسی وہی رہے گی‘07 November, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||