پنجاب بھر میں ہفتے کو یوم تشکر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کے وکلا نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری کی بحالی پر سنیچر کو یوم تشکر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر پنجاب بھر کی بار ایسوسی ایشنوں میں اجلاس ہونگے جس میں وکلا کی تحریک کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا جائے گا۔ پنجاب کے وکلا کی نمائندہ انجمن پنجاب بارکونسل کے وائس چیئرمین طارق جاوید وڑائچ نے بی بی سی سے بات چیت میں بتایا کہ پنجاب کے وکلا یوم تشکر منائیں گے اور اس مقصد کے لئے بارایسوسی ایشنوں کے خصوصی اجلاس ہونگے جبکہ وکلا اپنی تحریک کی کامیابی پر شکرانے کے نوافل بھی ادا کریں گے۔ دوسری طرف لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سرفراز چیمہ کے مطابق سنیچر کو ہونے والے ہائی کورٹ بار کے اجلاس میں وکلا آئندہ کے لائحہ ترتیب دینے پر غور کریں گے۔ لاہور کی ضعلی بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شمیم ملک نے بتایا کہ ضلعی بار کے اجلاس کے بعد وکلا اپنی تحریک کی کامیابی پر جلوس بھی نکالیں گے۔ قبل ازیں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی بحالی کی خبر پر وکلا نے بھر پور خوشی کا اظہار کیا اور ’گو مشرف گو‘ کے نعرے لگاتے ہوئے مال روڈ پر آگئے۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلا کا ہجوم ایک بڑے جلوس کی شکل اختیار کرگیا۔ اس موقع پر وکلا نے چیف جسٹس کے حق اور صدر جنرل مشرف کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ وکلا نے چیف جسٹس کی تصویر کو چومنا شروع کردیا جبکہ مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ وکلا نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارک باد دی جبکہ بعض وکلا آبدیدہ ہوگئے۔ لاہور ہائی کورٹ بار سے وکلا کا جلوس مال روڈ پر آگیا جس سے سڑک بلاک ہوگئی۔ ہائی کورٹ کے باہر وکلا کے اس جلوس میں لاہور کی ضلعی بار کے جلوس کے علاوہ سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ نواز اور لیبر پارٹی کے کارکن اور سول سوسائٹی کے لوگ بھی شامل ہوگئے۔ اس موقع پر وکلا نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور جشن منایا۔ پولیس نے وکلا کے جلوس کی وجہ سے مال روڈ کی طرف آنے والی تمام سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ان کو عام ٹریفک کے لئے روک دیا۔ چیف جسٹس کیس کے فیصلے کے پیش نظر مال روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ کے ایک اہلکار کے مطابق ہائی کورٹ میں حفاظتی انتظامات کی وجہ سے عدالت کے احاطے میں واقع مسجد میں نماز ادا نہیں کی گئی ۔ | اسی بارے میں ’حکمرانوں کیخلاف عدلیہ کا پہلا قدم‘20 July, 2007 | پاکستان اہم اقوال: ’ شرات کروگے تو جج بنادوں گا۔۔۔‘20 July, 2007 | پاکستان صدارتی ریفرنس کالعدم، جسٹس افتخار بحال20 July, 2007 | پاکستان وکلاء کا احتجاج تحریک بن گیا20 July, 2007 | پاکستان ’قوم اس روشنی سے فائدہ اٹھائے‘20 July, 2007 | پاکستان ’آمرانہ سازشیں پاش پاش ہوگئیں‘20 July, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||