’قاضی قومی اسمبلی سے مستعفی‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اس فیصلے کا ایم ایم اے یا جماعت اسلامی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ قاضی حسین احمد نے اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ بی بی سی کے شفیع نقی جامعی نے بعد میں ٹیلی فون پر ان سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا جب بھی اجلاس ہوا، وہ پہلے روز ہی سپیکر کو اپنا استعفیٰ پیش کر دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا انفرادی فیصلہ ہے اور ایم ایم اے کے باقی ارکان اسمبلی حزب مخالف کی دوسری جماعتوں کی مشاورت کے ساتھ مناسب وقت پر مستعفی ہونگے۔ ’میرا ان لوگوں سے اختلاف ہوا تھا (استعفے دینے کے مسئلے پر) ۔۔۔ میں (مشرف مخالف) تحریک چلانے کے حق میں تھا ۔۔۔۔ لیکن مجلس عمل کے دوسرے لوگوں کو ساتھ بھی رکھنا تھا۔‘ قاضی حسین احمد نے کہا کہ وہ ویسے ہی ایک عرصے سے قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں باقاعدگی سے شریک نہیں ہو رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم لال مسجد آپریشن اور نتیجتاً ہونے والی ہلاکتیں ان کے مستعفی ہونے کے فیصلے کا فوری محرک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں جامعہ حفصہ کی ایک طالبہ ملی ہیں، جن کے مطابق فوج اور دوسری فورسز کی طرف سے لال مسجد کے محاصرے اور کارروائی کے دوران جب وہ وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں تو مدرسے میں سو طالبات اور پچانوے طلباء کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں جبکہ 1525 طالبات اندر موجود تھیں۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ لوگ مارے مارے پھر رہے ہیں کہ آپریشن میں لاپتہ ہو جانے والے اپنے بچوں کے بارے میں انہیں کوئی اطلاع ملے، چاہے ہلاک ہونے کی ہی کیوں نہ ہو۔ ’ہلاکتوں کی تعداد اب ایک ہزار سے اوپر کہی جا رہی ہے۔‘ ایم ایم اے کے رہنماء کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں اور کوئی سویلین (شہری یا غیر فوجی) حکومت ہی انہیں بہتر کر سکتی ہے۔ اسلام آباد سے ہمارے نامہ نگار ہارون رشید کے مطابق پریس کانفرنس میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ وہ لال مسجد کے معاملے کو سپریم کورٹ میں لے کر جائیں گے جبکہ انہوں نے ایک سابق جج سے واقعہ کی تحقیقات کرانے کا اعلان بھی کیا۔ | اسی بارے میں لال مسجد، توجہ ہٹانے کا حربہ: بار 14 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: لاپتہ طلباء، والدین کی مشکلات14 July, 2007 | پاکستان قاضی، فضل الرحمن تحریک کا اعلان13 July, 2007 | پاکستان قاضی: الطاف حسین کے خلاف فریق13 June, 2007 | پاکستان قاضی کی درخواست پر وکلاء کا موقف23 May, 2007 | پاکستان جامعہ حفصہ مدارس بورڈ سے خارج09 April, 2007 | پاکستان احتجاج سے روکنے کیلیے قاضی نظربند02 April, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||