جسٹس بھگوان داس پر پٹیشن مسترد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی سپریم کورٹ نےمذہب کی بنیاد پر جسٹس رانا بھگوان داس کی بطور قائم مقام چیف جسٹس تعیناتی سےمتعلق دو درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے۔ درخواست شاہد اورکزئی کی طرف سے دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کوئی غیر مسلم پاکستان کا چیف جسٹس نہیں بن سکتا۔ دوسری درخواست مولوی اقبال حیدر کی طرف سے تھی جن کا کہنا تھا کہ آئین میں کسی غیر مسلم کے چیف جسٹس بننے پر کوئی پابندی نہیں۔ بنچ کے سربراہ جسٹس سردار رضا خان نے کہا کہ آرٹیکل 177 میں جس کے تحت کسی شہری کو جج کے عہدے پر فائز کیا جاتا ہے مسلمان ہونے کی شرط نہیں ہے اور اگر آئین بنانے والوں کی منشا یہ ہوتی کہ مسلمان شہری ہی چیف جسٹس بن سکتا ہے تو آرٹیکل 177 میں مسلمان کا لفظ ڈال سکتے تھے جیسا کہ انہوں نے آرٹیکل 41 میں لفظ مسلمان شامل کر لیا تھا۔ جسٹس محمد نواز عباسی نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کوئی غیر مسلم جج سپریم کورٹ کا چیف جسٹس بنا ہو اور اس سے پہلے عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے جسٹس اے آر کارنیلیس لمبے عرصے تک چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ عدالت کی طرف سے درخواست گزار کے کوائف معلوم کرنے پر شاہد اورکزئی نے کہا کہ وہ پیغمبر کی اولاد ہیں اور ان کے والد کا نام حضرت یعقوب علیہ اسلام ہے۔ مولوی اقبال حیدر نامی ایک اور درخواست گزار نے جب عدالت سے کہا کہ انہوں نے اپنی آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ غیر مسلم جج چیف جسٹس بننے کا اہل ہے تو جسٹس محمد نواز عباسی نے کہا کہ کیا حکومت کو چیف جسٹس بنانے کے لیے مولوی اقبال حیدر سے سرٹیفیکیٹ لینے کی ضرورت ہے اور مولوی اقبال حیدر کی درخواست کو بھی نپٹا دیا۔ درخواست گزار شاہد اورکزئی کا موقف تھا کہ غیر مسلم جج کی بطور چیف جسٹس تعیناتی آئین پاکستان کی روح کی خلاف ہےاور پاکستان کے تمام اعلیٰ منصب داروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مسلمان مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ | اسی بارے میں بھگوان داس: عدالتی سفر کے چالیس سال21 March, 2007 | پاکستان جسٹس بھگوان کی واپسی پر بحث 21 March, 2007 | پاکستان جسٹس بھگوان کے تقرر کے احکام22 March, 2007 | پاکستان بھگوان داس، قائم مقام چیف جسٹس24 March, 2007 | پاکستان جسٹں بھگوان داس کی تعیناتی چیلنج31 March, 2007 | پاکستان بھگوان داس تعیناتی: وفاق کو نوٹس02 April, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||